
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیر اعظم کے مشیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی صدارت
میں انڈی پنڈنٹ پاور پرو ڈیوسرز کے واجبات کی ادائیگی، سکوک اور سواپ بانڈز جاری کرنے کے حوالے سے وزارت خزانہ میں اجلاس منعقد ہوا۔
جلاس میں اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے گورنر باقر رضا، سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ، سپیشل سیکرٹری خزانہ عمر حمید خان، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس اکبر شریف زادہ اور ممتاز صنعت کاروں میاں محمد منشا اور محمد شہزاد سلیم نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پاور سیکٹر میں سرکولر ڈیٹ کو کم کرنے اور آئی پی پیز کو واجب الادا ادائیگیوں کے علاوہ سکوک اور سواپ بانڈز کے اجراءپر غور و خوض اور اس حوالے سے مختلف تجاویز اور سفارشات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاور سیکٹر میں قرضوں کے ادل بدل کے حوالے سے جملہ تجاویز پر وزارت خزانہ کی جانب سے وزارت توانائی کے ساتھ باہمی مشاورت، سوچ و بچار کی جائے گی اور باہم متفقہ تجاویز کو دو ہفتوں کے اندرکابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔




































