
کراچی ( انٹرویو :زین صدیقی ) چیئرمین آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن اورڈپٹی کنوئنیر فیڈریشن آف
پاکستان اسٹینڈنگ کمیٹی جیمز اینڈ جیولرز محمدارشد نے کہاہے کہ سونے کی قیمت نے ملک کا 76سالہ ریکارڈ توڑدیا ہے۔سونا 93ہزار400روپے میں ٹریڈ ہورہا تھاجو منگل کو 91 ہزار 800 روپے میں ٹریڈ یوا ۔غریب طبقہ سونے کی خریداری سے پہلے ہی محروم تھا اب متوسط طبقے کی قوت خریدبھی جواب دے چکی ہے۔
محمد ارشد نے ”رنگ نو ڈاٹ کام “ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جب سونا30سے 35ہزار روپے تھا اس وقت بھی لوگوں کو مشکلات کا سامنا تھا ۔اس وقت لوگ خواہش کرتے تھے کہ وہ اپنے بچوں یا کسی عزیز کی شادی پر ایک سونے کا سیٹ بنا دیں یا کسی کوتحفتاً دیں ،مگر اب سونے کے نرخ 90ہزارسے زائد کی بلند ترین سطح کو پہنچ گئے ہیں اور غریب و متوسط طبقے کی قوت خرید جواب دے چکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سونا مہنگا ہونے سے اس صنعت شدید نقصان پہنچا ہے ۔ایک جانب تو سونے کی خریداری کے رجحان میں شدید کمی آئی ہے ،دوسری جانب کاروبار ختم ہونے سے سونے کے کاروبارسے وابستہ سیکڑوں محنت کش بے روزگار ہو گئے ہیں ۔ یوں سمجھ لیجئے کہ اگر ایک کارخانے میں 10کاریگر کام کررہے تھے ،وہاں سے 5کاریکر وں کو فارغ کردیا گیا ۔
محمد ارشد نے کہا کہ یہ صورتحال افسوسناک ہے ۔بے روزگار لوگ مایوس ہو کر ریڑھیاں لگا کرروزی کمانے پر مجبور ہیں اوربہت سے لوگ بے روزگاری کے باعث فاقہ کشی کا شکار ہیں ۔

محمد ارشدنے کہا کہ صنعت کو حکومتی سرپر ستی حاصل نہیں ہے،اسی وجہ سے سیکٹر کا برا حال ہے ۔وفاقی سطح پر اگر کمپنیز بنائی جائیں جہاں اچھے کاریگر ہوں ،جیولری بنوائی جائے ، مینو فیکچرنگ کی جائے اور حکومتی سطح ہر اسے ایکسپورٹ کیا جائے تو اس سے لوگوں کو نہ صرف روزگار ملے گا بلکہ حکومت کو کثیر ریونیو حاصل ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ بزنس کمیونٹی ٹیکس دے ،ہم ٹیکس دیتے بھی ہیں،لوگ 20اور30سال سے ٹیکس پیئر ہیں ،لیکن ہم بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ۔صدر میں واقع صرافہ مارکیٹ ہی کو لے لیجئے یہاں چلنے کی بھی جگہ نہیں ہے ،جگہ جگہ گاڑیاں کھڑی ہیں ،ٹریفک کا کوئی نظام نہیں ،نہ ہی ٹریفک اہلکار ہیں،جس کا جہاں دل چاہتا ہے گاڑی کھڑی کر کے چلاجاتا ہے ۔یہاں سیویج کا نظام بھی درست نہیں، آئے روز صدرکی سڑکوں پر پانی کھڑا رہتا ہے جس سے کاروبار بری طرح متاثرہے ۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس کا نظام اسی وقت بہتر ہوسکتا ہے جب عوام کو سہولتیں میسر آئیں گی ،شہر کی سڑکیں بنیں گی ،گلی محلے کی سڑکیں بنیں گی اورترقیاتی کام ہوں گے اور وہ کام لوگوں کو نظر بھی آئیں گے۔
محمد ارشدنے کہا کہ حکومت ٹیکس حاصل کرتی ہے مگر یہ پیسہ عوام کی بہبود پر خرچ ہونے کے بجائے قرضوں میں چلا جاتا ہے ۔عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر لگنا چاہیے، اس شہر پر لگنا چاہیے۔
انہوں نے تجویز دی کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی پالیسیاں بہترکرے۔اس کیلئے کوارڈینیشن کمیٹیاں بنائی جائیں جوحکومت کے علم میں لائیں کہ مسائل کیا ہیں۔ان کمیٹیوں میں تاجروں وعلاقہ معززین کو شامل کیا جائے اوران مسائل کو حل کیا جائے ۔




































