
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز کووڈ۔19کی عالمی وباء کے پیش نظر ٹرین سروس معطل ہونے سے
ہر ماہ پانچ ارب روپے کا نقصان اٹھا رہی ہے،
نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز نے آئندہ چند دنوں میں اور ممکنہ طور پر عیدالفطر سے قبل محدود بوگیوں کے ساتھ 30 ٹرینین چلانے کا پلان بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین سروس کم آمدن والے لوگوں کے لئے سفر کا سستا اور آرام دہ ذریعہ ہے اور معاشرہ کے غریب طبقات کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے مسافروں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے ایس اوپیز پر سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ایک سوال پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر ٹرین سروس کی معطلی جاری رہی تو پاکستان ریلویز کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی مشکل ہوجائے گی۔




































