
راولپنڈی (ویب ڈیسک ،فوٹو:فائل ) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ 28 فروری کو بھارت میزائل فائر کرنے کی تیاری کر رہا تھا، بھارت
اپنے میڈیا کو بتائے ہم نے کیا جواب دیا، اس رات ایل او سی پر کیا ہوا، ہماری فائر پلاٹون نے اْن کی گن پوزیشن کو کیسے نشانہ بنایا؟کتنی گن پوزیشن شفٹ کرنا پڑیں، کتنے فوجی مارے گئے، یہ باتیں بھارت میڈیا کو بتائے، آپ کے امریکا سے بہت اچھے تعلقات ہیں،اس سے کہیں کہ پاکستان کے ایف 16 طیارے گن لیں، ہم نے دن میں کارروائی کی اور جہاں ہمارے میزائل گرے وہاں کون موجود تھا یہ بھی بتایا جائے۔
پیر کو میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی میجرجنرل آصف غفورکا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم کی مہلت اب ختم ہوچکی، بہت ہو گیا مزید مہلت نہیں دینگے، بھارت جو تبدیلی پاکستان میں چاہتا ہے وہ کبھی نہیں کرسکتا، یہ 1971 ہے، نہ وہ فوج اور نہ وہ حالات، اگر 1971 میں ہمارا آج کا میڈیا ہوتا تو بھارت کی سازشوں کو بے نقاب کرسکتا،بھارت نے کہا ایٹمی اثاثے دیوالی کیلئے نہیں، تو آئیں ہم بھی تیار ہیں،جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں، بھارت اپنی صلاحیت آزما نے سے پہلے نوشہرہ کا تجربہ یاد رکھے، ریاست پاکستان بہت عرصہ پہلے فیصلہ کرچکی تھی کہ معاشرے کو انتہاپسندی سے پاک کرنا ہے، نائن الیون سے لے کر آج تک پاکستان نے کائنیٹک آپریشن کیے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کیں، القاعدہ، داعش، ٹی ٹی پی وغیرہ جس کا بھی نام لیں، ہم نے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کائنیٹک آپریشن کیا۔ آج ہم ثبوت اور لاجک کے ساتھ کہتے ہیں کہ پاکستان کے اندر کسی قسم کا کوئی منظم دہشت گردی کا نیٹ ورک موجود نہیں ہے۔
ترجمان پاک فوج نے نام نہاد ’پشتون تحفظ موومنٹ( پی ٹی ایم) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ یہ جو پشتونوں کے تحفظ کی بات کرتے ہیں یہ اس وقت کدھر تھے جب لوگوں کے گلے کاٹے جارہے تھے، آج جب بحالی کا کام شروع ہوگیا تو تحفظ کی بات کر رہے ہیں۔ پی ٹی ایم کی ویب سائٹ پر چندے کی تفصیلات دی گئی ہیں لیکن اس تفصیل سے ان کے پاس بہت پیسہ ہے، انہیں افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس اور بھارتی’ را ‘نے کتنے پیسے دئیے وہ بتایا جائے، آپ کے پاس کتنا پیسہ ہے، این ڈی ایس نے آپ کو احتجاج رکھنے کےلئے کتنے پیسے دیئے، اسلام آباد دھرنے کےلئے را نے کتنے پیسے دیئے اور یہ کیسے پہنچے، 8 مئی 2018 کو جلال آباد میں طورخم ریلی کیلئے کتنے پیسے لئے اور وہ کہاں سے آئے، حوالہ ہنڈی کے ذریعے دبئی سے کتنا پیسہ آرہا ہے، 31 مارچ 2019 کو این ڈی ایس نے کتنے پیسے دیئے اور وہ کیسے آپ تک پہنچے؟۔پی ایم جن لوگوں کے مسائل کو بنیاد بنا کر کام کر رہی ہے اس کا وقت ختم ہوگیا، آپ فوج سے کس بدلے کی بات کر رہے ہیں۔




































