
کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام )پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہاکہ پاکستان کو بنانے کیلئےدو قومی
نظریہ کی ضرورت تھی جبکہ آج پاکستان کو بچانے کے لئے ہمیں ایک قومی نظریہ کی ضرورت ہے۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل نارتھ ناظم آباد کے ذمہ داران سےپاکستان ہاؤ س میں منقعدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستانی ہونے کی بھی ضرورت ہے کیونکہ تعصب و لسانیت کی سیاست نےعوام کو ایک قوم بننے نہیں دیا اور جب تک ہم ایک قوم نہیں بنیں گے اس وقت تک ہم آگے نہیں بڑھ سکتے ہیں ۔
اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی اور دیگر مرکزی رہنما بھی موجود تھے۔مصطفی ٰکمال نے کہا کہ ملک میں تبدیلی کے نام پر آنے والی حکومت نے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔پاکستان کی تاریخ میں مہنگائی کی ایسی مثال نہیں ملتی اشیائے ضرورت میں خوف ناک اضافہ ہوا ہے،اورعوام تیزی سے غربت کی لکیر سے نیچے گر رہے ہیں جبکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اوربے روزگاری نے غریب عوام کو مایوسی میں مبتلا کر دیا ہےاورتبدیلی کے خواب مہنگائی کے عذاب میں بدل گئے ہیں۔
مصطفی کمال نے ذمہ داران کو تلقین کی پارٹی کے پیغام اور منشور کو عوام کے پاس لیکر جائیں انہیں بتائیں کہ پی ایس پی ہی آپ کے مسائل حل کرسکتی ہے۔
دریں اثنا شورکوٹ ڈسٹرکٹ جھنگ کے چیئرمین مونسپل کمیٹی چوہدری عمران رضا نے اپنے بھائی چوہدری ساجد رضا کے ہمراہ پی ایس پی میں شمولیت اختیار کر لی ۔شمولیت کا اعلان انہوں نے پاکستان ہاؤ س میں چیئرمین پی ایس پی سید مصطفیٰ کمال سے ملاقات کے دوران کیا،اس موقع پر سندھ کونسل کے فنانس سیکریٹری ہمایوں عثمان بھی موجود تھے۔




































