
سیالکوٹ(ویب ڈیسک )وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے
کہ ملک سے سامراجی نظام کو ختم کرنا وزیراعظم عمران خان کی فتح ہے،سامراجی نظام کے بیانیے کو بھی شکست دیں ۔14اگست کو قومی پرچم کیساتھ کشمیر کا جھنڈا بھی لہرایا جائیگا۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک سے سامراجی نظام کو ختم کرنا وزیراعظم عمران خان کی فتح ہے۔ انہوں نے کہاکہ سامراجی نظام کے بیانیے کو بھی شکست دیں گے۔ حق کے راستے پر چلنے والوں کوﷲ جرات اور طاقت دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بزدل انسان کے دل میں چور ہوتا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نظریات اور ایمان کی طاقت سے پاکستان کو بدلیں گے،گزشتہ 10سال میں پنجاب کا بجٹ خسارے میں چلا گیا۔ گزشتہ سال پنجاب کا بجٹ ریکارڈ خسارے میں گیا، موجودہ صوبائی حکومت کو خسارے پر مشتمل بجٹ وراثت میں ملا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے خسارے سے نکلنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے، صوبے کی بہتری کیلئے ترجیحات بدل کر نئے اقدامات کیے گئے،سیالکوٹ کے عوام نے ثابت کیا کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت ایئرپورٹ بنا کر چلا سکتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قیام پاکستان کا سفر 70سال اور وزیراعظم عمران خان کا استحکام پاکستان کا سفر ایک سال کا ہے۔ وزیراعظم عمران خان معاشی چیلنجز پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہیں۔
معاون خصوصی نے کہاکہ وزیراعظم نے کفایت شعاری سے قوم کے کروڑوں روپے بچائے۔انہوں نے کہاکہ جب قیادت کرپٹ ہو تو گھر گھر میں ڈاکو ہی پیدا ہوں گے
۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی ایمانداری کا ثبوت ملک کی اعلیٰ عدلیہ دے چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی کی خواہشات کے مطابق نہیں ایک نظام کے تحت چلے گا،وزیراعظم عمران خان ملک کو قائد کا پاکستان بنائیں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کاروباری طبقے نے ہمیشہ کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت 14اگست کو یوم یکجہتی کشمیر کے طورپر منائے گی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں 14اگست کو قومی پرچم کیساتھ کشمیر کا جھنڈا بھی لہرایا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی بیرون ملک جا کر کشمیریوں کا مقدمہ عالمی دنیا کے سامنے رکھیں
۔




































