
ننکانہ صاحب (ویب ڈیسک ) وزیر ا عظم عمرا ن خان نے کہا ہے کہ بیشک سب اکٹھے ہو کر مارچ
سمیت کچھ بھی کر لیں جب تک زندہ ہوں کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔
بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مدینہ کی ریاست اس لئے کامیاب ریاست تصور ہوتی ہے کیونکہ وہاں قانون کی حکمرانی تھی، طبقاتی نظام اور مراعات یافتہ طبقات کے ہوتے ہوئے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اقامہ منی لانڈرنگ کا ایک طریقہ ہے، وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ ایک وقت آئے گا جب ملک کا سارا کرپٹ مافیا اکٹھا ہو جائے گا، ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے پاکستان برصغیر میں پہلے اور دنیا میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے، اپنے تمام وسائل تعلیم پر خرچ کریں گے کیونکہ علم کی بنیاد پر معیشت کو استوار کر نے سے ہی ملک ترقی کرے گا، تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، بڑی بڑ ی درگاہوں کے ساتھ جتنی بھی اوقاف کی زمینیں ہیں ان پر یونیورسٹیاں بنائیں گے، ہم سے یہ پوچھا گیا ہے کہ کیا آپ نواز شریف کی زندگی کی ضمانت دے سکتے ہیں میں تو کہتا ہوں کہ میں اپنی زندگی کی بھی ضمانت نہیں دے سکتا۔ ہم نے نوازشریف کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقنی بنایا ۔
وزیر اعظم عمران خان نے آزادی مارچ کے حوالے سے کہاکہ وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں انہوں نے یہ پیش گوئی کی تھی کہ ایک وقت آئے گا جب ملک کا سارا کرپٹ طبقہ اکٹھا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے چارٹرڈ آف ڈیموکریسی پر دستخط ہوئے جس کے نتیجہ میں ماضی کے حکمرانوں نے ملک کا قرضہ 6 ہزار ارب سے30 ہزار ارب تک پہنچا دیا۔ ہماری حکومت نے بر سر اقتدار آ کر اپنا آدھا ٹیکس ریونیو ان کے لئے گئے قرضوں کی قسطیں ادا کرنے پر خرچ کیا۔ ان کو پتہ تھا کہ یہ ملک کو کنگال کر کے چھوڑ گئے ہیں۔ تجارتی اور کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں بے انتہا اضافہ ہوا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ غیر ملکی ادارے اور آئی ایم ایف سمیت آج سب کہہ رہے ہیں کہ پاکستان نے اصلاحات کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم کیا ہے۔ آزادی مارچ والوں کو موجودہ حکومت کے کامیاب ہوجانے کا خوف ہے۔ کیا وجہ ہے کہ یہ وزیر اعظم سے استعفیٰ لینے آ رہے ہیں۔ کسی جگہ یہ کہتے ہیں کہ یہ یہودی لابی ہے، کسی جگہ کہتے ہیں کہ یہودی قبضہ کرنے آ رہے ہیں اور کہیں یہ قادیانیوں کی بات کرتے ہیں اور کہیں مہنگائی کا زکر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اٹھا کردیکھیں پی ٹی آئی کے پہلے سال میں سب سے کم مہنگائی ہوئی۔ مسئلہ صرف یہ ہے کہ ان سب کو پتہ ہے کہ انہوں نے کس طرح ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ ان پر مقدمات ہمارے دور میں نہیں بنائے گئے۔ یہ اقامہ کی بات کرتے ہیں حالانکہ اقامہ منی لانڈرنگ کا ایک طریقہ ہے۔ وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ نے بھی دوسرے ملک کا اقامہ حاصل کر رکھا تھا۔ اگر کسی کے پاس اقامہ ہو تو اس کی منی لانڈرنگ کا ریکارڈ اس لئے نہیں ملتا کیونکہ یہ پاکستان کے شہری نہیں سمجھے جاتے بلکہ یہ دوسرے ملک کے شہری سمجھے جاتے ۔ وزیر اعظم نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ بیشک سب اکٹھے ہو کر مارچ کریں اور جو کچھ بھی کر لیں جب تک میں زندہ ہوں ان کو این آر او نہیں ملے گا۔




































