
اسلام آباد (ویب ڈیسک ۔خبر ایجنسی )پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ 27دسمبر کو
بے نظیر بھٹو کی برسی لیاقت باغ میں منائی جائیگی اورعوام سلیکٹڈ حکومت کو للکاریں گے ،پاکستان کے عوام کٹھ پتلی تماشے نہیں دیکھنا چاہتے بلکہ اپنے مسائل کاحل چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں پمز ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عدالتوں سے انصاف ملے گا اور آصف زرداری کو وہ سہولتیں ملیں گی جو ہر پاکستان کے شہری کاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے زبان بندی کے حربے جاری ہیں لیکن ہم حکومت کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ 27دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی لیاقت باغ میں منائی جائیگی اورعوام سلیکٹڈ حکومت کو للکاریں گے ،عمران خان ایسے ہی سلیکٹڈ ہیں جیسے سلیکٹڈ ماضی میں آتے رہے ہیں۔ نا اہل حکومت کی وجہ سے عوام پریشان ہیں، حکومت سیاسی مخالفین پر دبا ڈالنا چاہتی ہے ، عمران خان نواز شریف کوملک سے باہر بھیج کرکہتے ہیں کہ چھوڑوں گا نہیں۔
بلاول بھٹوزرداری کا کہناتھا کہ آصف زرداری نے مجھے بتایاہے کہ میڈیکل بورڈ ز کی ابھی تک رپورٹس نہیں آئیں ، رپورٹس آنے کے بعد عدالت فیصلہ کرے گی اور اگر آصف زرداری کو طبی وجوہات پر ضمانت ملی تو آصف زرداری کوعلاج کیلئے کراچی منتقل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے ، اس کاخواب ہے کہ سندھ پر بھی ایک کٹھ پتلی وزیر اعلی ہو لیکن ہر بار وفاقی حکومت کی کوشش ناکام ہوئی ہے





































