
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے
وزیراعظم کے دورہ ڈیوس کے ممکنہ اخراجات کی تفصیلات جاری کردیں۔ وزیراعظم عمران خان 21 تا 23 جنوری 2020 ڈیوس کا دورہ مکمل کریں گے۔ ورلڈ اکنامک فورم کے دورے میں سابقہ وزراءاعظم یوسف رضا گیلانی، نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی سے کہیں کم اخراجات اٹھیں گے۔
حکمران جماعت کے مطابق نواز شریف2016 میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے ڈیوس گئے تو 7 لاکھ 62 ہزار 199 ڈالرز خرچ ہوئے ۔ نون لیگ ہی کے شاہد خاقان عباسی بطور وزیراعظم 2018 میں ورلڈ اکنامک فورم گئے تو 5 لاکھ 61 ہزار 381 ڈالرز خرچ کر آئے۔2012 میں پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی کے دورے پر 4 لاکھ 59 ہزار 4 سو 51 روپے کا خطیر سرمایہ صرف ہوا۔
سیف اللہ خان نیازی کے مطابق جنوری 2020 میں وزیراعظم عمران خان کا دورہ ڈیوس محض 68 ہزار ڈالرز میں مکمل ہوگا۔ اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان کے دورہ واشنگٹن پر اٹھنے والے اخراجات بھی پیپلزپارٹی اور نون لیگ سے کہیں کم رہے۔ جولائی 2019 میں وزیراعظم واشگنٹن گئے تو محض 67 ہزار 1 سو 80 ڈالرز خرچ ہوئے۔ نواز شریف 2013 میں واشگنٹن گئے تو 5 لاکھ 49 ہزار 8 سو 53 ڈالرز خرچ کر آئے۔2009 میں زرداری کے دورہ واشنگٹن پر 7 لاکھ 52 ہزار 6 سو 88 ڈالرز کا خطیر سرمایہ خرچ ہوا۔
ستمبر 2019 میں وزیراعظم عمران خان کا دورہ نیویارک بھی نہایت کفایت شعاری اور کم ترین اخراجات میں مکمل ہوا۔وزیراعظم عمران خان کے دورہ نیویارک پر 1 لاکھ 62 ہزار 5 سو 78 ڈالرز کی کم ترین لاگت آئی۔زرداری 2012 میں نیویارک گئے تو غریب قوم کی جیب سے 13 لاکھ 9 ہزار 6 سو 20 ڈالرز خرچ کرآئے۔حکمران جماعت کے مطابق 2016 میں نواز شریف نے نیویارک کا سفر کیا تو 11 لاکھ 13 ہزار 1 سو 42 ڈالرز پھونک ڈالے گئے2017 میں شاہد خاقان عباسی نے نیویارک کا قصد کیا تو 7 لاکھ 5 ہزار 19 ڈالرز خرچ کر ڈالے۔





































