
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چار دن
جیل میں نہ گزارنے والوں کی چیخیں بند نہیں ہو رہیں، احسن اقبال صاحب معاشی دہشتگرد وہ تھے جو عوام کو غریب کر کے ایون فیلڈ کے پر آسائش محل میں لطف اٹھا رہے ہیں، ملکی اثاثے گروی رکھ کر قوم کو قرض کی دلدل میں دھکیلنے والے آج قوم کے ہمدرد بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احسن اقبال صاحب! چوری پر سینہ زوری کرنے والے عناصر عوام کو مزید گمراہ نہیں کر سکتے، حکومت پر سیخ پا ہونے کے بجائے اپنی قیادت کوکوسیں جو ہر بار میدان سے بھاگ جاتی ہے، حزب اختلاف بننے کا خواب دیکھنے والے جان لیں کہ ن لیگ میں ہر اہم عہدہ صرف ”خاندان“ میں ہوتا ہے۔





































