
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ضروری اشیاءکی دستیابی اور
فراہمی کو برقرار رکھنے کے معاملے پر کوئی سمئجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، ذخیرہ اندوزوں اورا سمگلروںکو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو کورونا وائرس (کووڈ 19) کی روک تھام کے لئے قائم نیشلن کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور این سی او سی کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز و پلاننگ میجر جنرل آصف محمود گورائیہ نے وزیراعظم کو کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، اب تک کئے جانے والے اقدامات اور وائرس کی روک تھام کے لئے آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر اقتصادی امور محمد حماد اظہر، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی مخدوم خسرو بختیار، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی بریفنگ میں موجود تھے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے قومی کاوشوں کو مربوط بنانے اور قومی رابطہ کمیٹی برائے کووڈ 19 کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے بنیادی مرکز کا کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ سینٹر تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت کے نمائندوں اور اداروں کے ذریعے ملک بھر میں ڈیجیٹل اعداد و شمار اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر معلومات کا جائزہ لینے، ان کا تجزیہ کرنے اور اس حوالے سے اقدامات کرنے، صحت اور فنانس سمیت تمام معلومات اور اعداد و شمار کی بنیاد پر سفارشات وزیراعظم کی سربراہی میں قائم قومی رابطہ کمیٹی کو حقیقی پیش بندی اور بروقت مداخلت کے لئے بھجوانے کے حوالے سے ون ونڈو آپریشن کے مرکز کے طور پر کام کر رہا ہے۔





































