
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کے لیے
عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں ٹرانسپورٹ سمیت دیگر بندشوں کے باعث تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کیلئے خون کے عطیات جمع کرنے اور ان کو فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کے لئے خون کے عطیات دیں کیو نکہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عظیم نیکی ہے، تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کی زندگی خون کے عطیات پر منحصر ہوتی ہے، خون کے عطیات دینے والوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے ایف نائن پارک میں قائم تھیلیسیمیا سنٹرکے دورہ کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا۔ صدر مملکت نے تھیلیسیمیا کا شکار بچوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
صدر مملکت نے سنٹر پر فرائض سر انجام دینے والے ڈاکٹروں سے بھی ملاقات کی اور متاثرہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے صدر مملکت کو تھیلیسیمیا مرکز میں کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات دیں۔





































