
اسلام آباد (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کورونا کے خطرے سے نمٹنے کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کے
تمام ہسپتال، لیبارٹریز، ایمبولینسز وقف ہیں، کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ڈاکٹرز جس طرح اپنی جان خطرے میں ڈال کر خدمات انجام دے رہے ہیں، وہ قابل تحسین ہے۔
ٹویٹر پر جاری پیغام میں سراج الحق نے کہا کہ میں نے آج الخدمت ہسپتال پشاور کے کورونا سپیشل کیئر یونٹ میں انتظامات کا جائزہ لیا ہے، یہاں پر کورونا مریضوں کیلئے 15 بیڈز مختص کئے گئے ہیں اور 5 وینٹی لیٹرز بھی فراہم کر دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے خطرے سے نمٹنے کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کے تمام ہسپتال، لیبارٹریز، ایمبولینسز وقف ہیں اور وباء کے خاتمہ تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا بڑا بیٹا معراج الحق کورونا بحران کے دوران فرنٹ لائن پر اپنا فریضہ انجام دے رہا ہے، کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ڈاکٹر حضرات جس طرح اپنی جان خطرے میں ڈال کر خدمات انجام دے رہے ہیں، وہ قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اسامہ شہید اور ڈاکٹر عبدالقادر سومرو شہید جان کا نذرانہ پیش کر چکے، قوم ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھے گی۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ذمہ داران و کارکنان نے کورونا بحران کے دوران ملک بھر میں اقلیتوں جنہیں میں پاکستانی برادری کہتا ہوں، کا خیال رکھنے کی مثال قائم کی ہے.





































