
اسلام آباد (ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پاکستان میں ایڈز سے ہلاکتوں کی تعداد میں
اضافے پر شدید اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرصحت عمران صاحب رپورٹ کے حقائق کو سنجیدگی سے لے کر موثر حکمت عملی بنائیں۔ حکومتی ایڈز پروگرام کیا کر رہا ہے اور کدھر ہے۔
ان خیالات کا اظہار مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی وقت کی پکار کے عنوان سے رپوٹ میں پاکستان سے متعلق انکشافات خطرناک ہیں۔ علاج اور معائینے کی کمی ایڈز سے اموات کی شرح میں اضافے کی وجوہات میں شامل ہے،نوجوانوں میں اس موذی مرض کا پھیلنا خوفناک اور باعث فکر وپریشانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں پاکستان سے متعلق حقائق کا تفصیلی تجزیہ وقت کی ضرورت ہے۔ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایڈز پرقابو پانے کے قومی پروگرام کو موثر بنانے کی ضرورت ہے۔




































