
اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسزمیں مسلسل کمی آ رہی ہے، عید الاضحیٰ
کے موقع پر عوام کو کورونا سے بچاﺅ کے لئے ضابطہ کار پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد جاری رکھا جائے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ عیدالاضحی سادگی سے منائی جائے، ایسا نہ ہوکہ جس طرح گزشتہ عید میں ایس او پیز کو نظر انداز کیا گیا اور ہمارے ہسپتال کورونا کے مریضوں سے بھر گئے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے طے کئے گئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان خوش قسمتی سے ان ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی شرح اموات میں کمی آئی ہے۔ انتہائی نگہداشت اور وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوںکی تعداد میں کمی آئی ہے جبکہ بد قسمتی سے ہمارے ہمسایہ ملک بھارت میں یہ شرح بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2لاکھ 59 ہزار 998 کیسز سامنے آئے جن میں سے ایک لاکھ 83ہزار 737 افراد نے کورونا کو شکست دی تاہم 5 ہزار 475 افراد انتقال کر گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 ہزار 907 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے صرف 2 ہزار 85 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ یہ کامیابی سمارٹ لاک ڈاﺅن پالیسی کا نتیجہ ہے جبکہ قوم حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کر رہی ہے۔





































