
اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے
زرداری ہاؤ س اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیل سے گفتگو اور پارلیمان کے اندر اور پارلیمان کے باہر اپوزیشن کی جانب سے بھرپور کردار ادا کرنے پر اتفاق ہوا۔
ایمل ولی خان سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اور اس حکومت کی کوئی سمت نہیں ہے۔ یہ حکومت جتنے عرصے تک برقرار رہے گی ملک کا اتنا ہی نقصان ہوتا چلا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت چھوٹے صوبوں کے حقوق چھیننا چاہتی ہے۔ ہم چھوٹے صوبوں کے حقوق اور آئین کی پامالی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے معاملے میں حکومت کی جانب سے کی جانے والی ناانصافیوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ون یونٹ کی جانب دھکیلنے کی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ اے این اپی کے صوبائی صدر نے چیئرمین کے خدشات، تحفظات اور نقطہ نظر سے اتفاق کیا۔




































