
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت تعمیرات کے شعبے میں حکومتی مراعاتی
پیکیج کے نتیجے میں شروع ہونے والی سرگرمیوں اور مختلف ہاو¿سنگ منصوبوں کی تعمیر کے حوالے سے جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت معاشی اعشاریوں میں بہتری آئی ہے۔ کورونا کی وجہ سے نہ صرف علاقائی بلکہ دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی لیکن حکومت کی بہترحکمت عملی کی بدولت جہاں کورونا کے نقصانات کو ہر ممکنہ حد تک روکا گیا وہاں کورونا میں کمی آنے کے بعد ملک میں معاشی سرگرمیاں زور پکڑ رہی ہیں۔
اس حوالے سے عارف حبیب نے فرٹیلائزرز، اسٹیل کے شعبے، رئیل اسٹیٹ و دیگر شعبہ جات میں جولائی کے مہینے میں سامنے آنے والی بہتری کے بارے میں وزیرِ اعظم کو بریف کیا۔ عارف حبیب نے کاروباری برادری اور خصوصاً تعمیراتی شعبے سے وابستہ کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی نمائندگی کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے مراعاتی پیکیج، سہولت کاری اور نظام کو آسان و آن لائن بنانے کے حوالے سے وزیرِ اعظم کی ذاتی دلچسپی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے تعمیرات کے شعبے میں تاریخی مراعات اور سہولت کاری سے کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔




































