
لاہور (ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ نیب نے مجھے بطور ملزم نہیں گواہ بلایا، پیشی کیلئے اکیلا گیا،دامن
صاف ہے، ڈرنے کی ضرورت نہیں،نیب کے سوالات کا جواب دوں گا اورمطمئن کروں گا،وزیراعظم عمران خان کا ہمیشہ مجھ پر اعتماد رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کی وجہ سے یہاں بیٹھا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ون ونڈو سمارٹ سروس سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی نے کہاکہ میرے ہاتھ صاف ہیں، اب فرنٹ فٹ پر کھیلیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آٹا مقررکردہ نرخوں پر دستیاب ہے۔دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام آیاہے۔
ایک اورسوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریورراوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی اتھارٹی کو مکمل طورپر بااختیار بنایاگیاہے۔یہ اتھارٹی خود فیصلے کر کے اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہاکہ روزمرہ کے امور بھی اتھارٹی خود دیکھے گی۔قانون کے تحت اتھارٹی تشکیل دی ہے اوراسے بااختیار بنایا ہے۔




































