
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کواوپر اٹھانے کیلئے نوجوانوں کو اسٹیک ہولڈر بنانا ہو
گا،کامیاب جوان پروگرام کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں، رقم کی تقسیم کا عمل مزید تیز اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے، کورونا وائرس کی وبا کے ملکی معیشت پر منفی اثرات ختم کرنے کیلئے یہ پروگرام بہت ضروری ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے معاون خصوصی عثمان ڈار اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے کی جنہوں نے ان سے گزشتہ روزملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کو کامیاب جوان پروگرام کے تازہ ترین اعداد و شمار پر بریفنگ دی گئی اور پروگرام کے تحت نوجوانوان میں رقم کی تقسیم کا عمل تیز کرنے پر مشاورت بھی کی گئی۔ چند دنوں میں 30 ہزار سے زائد نوجوانوں نے رقم کے حصول کیلئے درخواستیں دی ہیں۔
بریفنگ میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ نوجوانوں کی سہولت کیلئے 21 بینک رقم کی تقسیم کا عمل مکمل کریں گے۔ اب تک 1 ارب روپے کی رقم نوجوانوں میں تقسیم کی جا چکی ہے۔ مزید 53 ارب روپے سے زائد رقم کے حصول کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ رقم کی تقسیم کا عمل مزید تیز اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے۔ کورونا کے ملکی معیشت پر منفی اثرات ختم کرنے کیلئے یہ پروگرام بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو اوپر اٹھانے کیلئے نوجوانوں کو اسٹیک ہولڈر بنانا ہو گا۔
نوجوانوں کو ہر وہ سہولت دیں گے جس وہ روزگار کے مواقع حاصل کریں۔ پروگرام کے دوران رقم کی تقسیم کے عمل پر مکمل نظر رکھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ شفافیت اور میرٹ پر کسی سطح پر بھی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ کامیاب جوان پروگرام کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔





































