
اسلام آباد ( ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے شہبازشریف کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے
ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف کی گرفتاری خوش آئند ہے۔پیر کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری اس طرف سنگ میل ہے جو پی ٹی آئی نے پاکستان کے عوام سے احتساب کاوعدہ کیاتھا کہ ہم باہر بنکوں میں پڑا پاکستان کا پیسہ واپس لائیں گے۔ شہبازشریف کی گرفتاری اہم پیش رفت ہے ۔یہ کیس گزشتہ تقریبا ایک سال سے چل رہا تھا اور اس پر بڑی محنت اور کیس کی تحقیقات بہت اچھی ہوئی ہیں ۔ فواد چوہدری نے کہا شہباز شریف اور انکی فیملی کیخلاف 41 والیم پر مبنی شواہد ہیں کہ کس طرح پیسہ باہر بھیجا گیا اور کس طر ح یہ دوبارہپیسہ واپس آیا ۔فواد چوہدری نے کہا کہ گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ احتساب کے تمام اداروں میں مسلم لیگ ن کے دور میں افراد لگائے گئے اور مسلم لیگ ن کے دور میں بنائے گئے قوانین ہیں ۔
فواد چوہدری نے کہا کہ شہبازشریف کی گرفتاری پر تحریک انصاف کو الزام دینا درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ثبوت، دستاویز ی شکل میں ہیں۔اس طرح آصف زرداری کیس میں بھی 63 والیم پر مبنی تحقیقات ہیں ۔ ان افراد کی کرپشن بے نقاب کرنے کے لئے احتساب کے اداروں نے اچھا کام کیا۔ہم نے دیکھا کہ فیٹف کیس پر اپوزیشن نے کس طرح شور مچایا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ بد قسمتی سے شہبازشریف ،آصف زرداری اپوزیشن کی بڑی قیادت، منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں ۔




































