
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ساتھ روا رکھے گئے بھارتی رویے کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے،آج بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان میں اقلیتوں کے ساتھ، بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک برتا جا رہا ہے اس پر ہمیں بے حد تشویش ہے۔بھارت نے اپنے غیر قانونی تسلط میں جموں و کشمیر میں جس طرح انسانی حقوق کی پایمالیاں جاری رکھی ہوئی ہیں وہ ایک المناک داستان ہے جسے بھارت پوشیدہ رکھنا چاہ رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے جب بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو منظر عام پر لانا چاہا تو انہیں اتنا مجبور کیا گیا کہ انہیں بھارت میں اپنے دفاتر بند کرنا پڑے۔ان کے اکانٹس منجمد کر دیے گئے۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں جتنی انسانی حقوق کی تنظیمیں ہیں انہیں اس بھارتی رویے کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔آج بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اقلیتوں کے ساتھ وہ ناروا سلوک نہیں برتا جاتا جو بھارت اپنے ملک میں اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے ہوئے ہے۔




































