
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن اصل میں ایک مضبوط اور مستحکم
پاکستان کا اہم سنگ میل ہے، موجودہ حکومت نہ صرف عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے بلکہ قرضوں اور معاشی مسائل میں گھری مملکت کو استحکام دینے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ بات وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن کے تحت یونیورسل سروس فنڈ کی جانب سے جاز اور یوفون کو دیئے گئے پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
معاہدے پر یو ایس ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حارث محمود چوہدری، یوفون کے سی ای او راشد خان اور جاز کے سربراہ عامر ابراہیم نے دستخط کئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سیّد امین الحق، سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور یو ایس ایف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کیلئے اب تک کئے جانے والے اقدامات اطمینان بخش ہیں تاہم ہمیں ٹیکنالوجی کی اس دوڑ میں خود کو بنائے رکھنے کیلئے انتھک محنت کرنا ہو گی۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن سیّد امین الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے ایک بہترین وژن دیتے ہوئے وزارت آئی ٹی پر اعتماد کیا، ہم تمام تر مشکلات، اور مسائل کے باوجود ان کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے بھرپور کوششیں کرتے رہیں گے اور باتیں نہیں بلکہ کام ہوتا ہوا بھی نظر آئے گا۔




































