
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی کابینہ نے سینیٹ انتخابات میں شفافیت کو اوپن ووٹنگ کے ذریعے یقینی
بنانے کے سلسلے میں سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کافیصلہ کرلیا، پٹرول بحران کی تحقیقات کیلئے وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی، صوبوں کو فراہم محاصل کے استعمال سے آگاہی کیلئے میکنزم بنایا جائے گا، کسی صوبائی اسمبلی کے ٹوٹنے سے سینیٹ انتخابات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ اس امر کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کابینہ اجلاس کے بعد پی آئی ڈی میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی کالج موثر رہے گا، اسلام آباد میں غریبوں کو دیہاڑی کیلئے مفت ریڑھیاں دی جائیں گی، پی ڈی ایم ضرور اسلام آئے،سینیٹ انتخابات قبل از وقت بھی ہوسکتے ہیں ۔۔ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں منگل کو معمول کے مطابق اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،این ایف سی ایوارڈپر خصوصی بریفنگ ہوئی۔ سینیٹر شبلی فراز نے میڈیا بریفنگ میں کہاکہ پٹرولیم بحران کی تحقیقات کیلئے وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے ، سینیٹ انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سینیٹ انتخابات کو ہر ممکن طریقے سے شفاف بنانا ہے، کیونکہ ان انتخابات کے حوالے سے ہارس ٹریڈنگ کی شکایات آتی ہیں۔ سینیٹ انتخابات میں ہاتھ اٹھا کر رائے شماری کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے اس کا مقصد انتخابی عمل کو شفاف بنانا ہے۔




































