
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی،فوٹو فائل ) وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے
اجلاس میں اٹارنی جنرل آف پاکستان نے سینٹ کے انتخابات کے قانون کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ کابینہ اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق کابینہ میں سیکرٹ بیلٹ کی بجائے اوپن ووٹنگ پر بحث ہوئی۔کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ آئین پاکستان میں اوپن بیلٹ کی بظاہر کوئی ممانعت نہیں ہے۔کابینہ نے فیصلہ کیاکہ اس ضمن میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 186کے تحت اٹارنی جنرل کے ذریعے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ انتخابات کے لئے قانونی اصلاحات کا صرف ایک مقصد ہے اور وہ پورے عمل کو شفاف بنانا ہے۔تمام سیاسی جماعتوں سے اس ضمن میں مذاکرات کے لئے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔اعلامیہ وزارت خزانہ نے کابینہ کو وفاق کی جانب سے صوبوں کو مختص فنڈز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
کابینہ کو صوبوں کے اپنے مالی وسائل کے بارے بھی آگاہ کیا گیا۔ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ ساتویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت 42.5فیصد وفاق اور 57.5 فیصد صوبوں کو تقسیم کیا جاتا ہے۔یہ بتایا گیا کہ مالی سال 2018-19میں وفاق کی طرف سے صوبوں کو 2.4ٹریلین روپے دئیے گئے اور اسی مالی سال صوبوں نے اپنے وسائل سے 496بلین روپے حاصل کیے۔اسی طرح مالی سال 2019-20میں وفاق نے صوبوں کو 2.6ٹریلین روپے دئیے اور صوبوں نے 524بلین روپے اپنے وسائل سے حاصل کیے۔مالی سال 2020-21کے پہلے پانچ مہینوں میں اب تک وفاق صوبوں کو 1.06ٹریلین روپے دے چکی ہے، جبکہ اسی مدت میں صوبوں نے 226بلین روپے اپنے وسائل سے حاصل کیے۔کابینہ کو بتایا گیا کہ صوبوں کو اس کے علاوہ وفاق امن و عامہ،قدرتی آفات،صحت،تعلیم،احساس پروگرام اور ترقیاتی منصوبوں کی مد میں بھی رقوم مہیا کر تا ہے۔مزید بتایا گیا کہ وفاق صوبوں کو سماجی تخفظ کے لئے بجلی،گیس،اشیاء ضروریہ کی مد میں سبسڈی بھی فراہم کرتی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کابینہ کو احساس کفالت پروگرام کے تحت ادائیگیوں،احساس نیشنل سوشیو اکنامک سروے اور وزیر اعظم کوویڈ ریلیف فنڈ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ پرانے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت سروے میں کافی غلطیاں اور ابہام موجود تھے جس کی وجہ سے غیر مسحق افراد کو ادائیگیاں کی گئیں۔اس وقت نیا سروے تکمیل کے مراحل میں ہے جو جدید ڈیجیٹل بنیادوں پرگھر گھر جا کر کیا جا رہا ہے۔معاون خصوصی نے بتایا کہ احساس پروگرام70 لاکھ افراد کورقوم کی مد میں مددفراہم کرئے گا جس میں اب تک 23لاکھ افراد کو رقوم دی جا چکی ہیں۔کابینہ کو بتایا گیا کہ 31,543غیر مسحق افراد کو ڈیٹا بیس میں سے نکال دیا گیا ہے۔
کابینہ کو ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کمی کے حوالے سے قائم انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کابینہ نے وفاقی وزراءاسد عمر،شفقت محمود،ڈاکٹر شیریں مزاری اور محمد اعظم خان سواتی پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی۔یہ کمیٹی انکوائری کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کرانے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرئے گی اور ایک ہفتے میں کابینہ کو رپورٹ پیش کرئے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے پر ذمہ داران کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے گا۔




































