
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین
سینیٹ سلیم مانڈوی سینٹ کے پلیٹ فارم کو اپنے مفاد میں استعمال نہ کریں۔نیب قوانین پر اپوزیشن مسودے کا ہرحرف این آراو سے بھرا ہوا ہے،ریلیف دینے سے انکار پر پی ڈی ایم کو بنایا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی پیدائش کیسے ہوئی اس پر بات کرنا چاہوں گا، فیٹف کی جانب سے مالیاتی نظام میں شفافیت کے اہداف دیئے گئے، اہداف کے حصول کیلئے قانون سازی کی ضرورت تھی جس کیلئے اپوزیشن سے تعاون مانگا، فیٹف چاہتا تھا کہ نظام میں شفافیت اور احتساب ہو جب کہ اپوزیشن چاہتی تھی کہ ان کی ماضی کی لوٹ مار اور غیر قانوی اقدامات پر معافی مل جائے، اپوزیشن کہتی ہے کہ فیٹف پر ترامیم منظور کریں تو ووٹ دیں گے، اپوزیشن کا نیب قوانین میں 34 ترامیم کے لیے مسودہ معافی مانگنے کی کوشش ہی تھی، ان کی ترامیم پر دستخط کر دیتے تو شہبازشریف اور آصف زرداری کے کیس ختم ہو جاتے۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے فیٹف کو متنازع بنایا اور بے بنیاد باتیں کیں، نیب قوانین پر اپوزیشن مسودے کا ہرحرف این آراو سے بھرا ہوا ہے، جن اپوزیشن افراد نے ترامیم لکھیں وہ تمام نیب کے ملزمان ہیں، ان سب کے 1985 سے پہلے کے اثاثے دیکھ لیں، یہ کہتے ہیں 1999 سے اثاثے دیکھے جائیں،شہزاداکبر یہ این آراو نہیں تو کیا ہے، یہ کہتے ہیں ایک ارب سے کم کا کیس ہو تو نیب نہ پکڑے، یہ غیرقانونی پیسے اور اثاثوں پر معافی چاہتے ہیں، یہ چاہتے تھے کہ نااہلی کی سزا دس سال سے کم کرکے پانچ سال کر دی جائے۔




































