
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبرایجنسی،فوٹو فائل ) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو ریڈ
زون میں آنے کی کھلی اجازت دے رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرے میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، توقع ہے کہ ریڈ زون میں واقع اہم عمارتوں کا خیال رکھا جائے گا، کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، مولانا فضل الرحمن کے ہاتھ کچھ نہیں آنا، انہیں استعمال کیا جا رہا ہے۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس منعقد ہوا ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ یقینی بنانا ہو گا کہ مظاہرے میں مدارس کے معصوم بچے کسی صورت شریک نہ ہوں، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں بیرون ملک سے پیسے بھجوانے والے 40 ہزار افراد کی تفصیل جمع کرا دی ہے، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی پیسے بھجوانے والے 4 ہزار افراد کی بھی تفصیل نہیں دے سکیں گے۔
ختم نبوت ایکٹ میں (ن) لیگ کی حکومت ترمیم لا رہی تھی اس کا راستہ میں نے روکا، اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، براڈ شیٹ، پانامہ کا پارٹ ٹو ہے، نیب ایک آئینی ادارہ ہے اس کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ریڈ زون میں آنے کیلئے نہ تو ہم سے اجازت طلب کی نہ ہی ہم نے اجازت دی ہے لیکن ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ان کو فری ہینڈ دیں گے، کوئی کنٹینر راستے میں نظر نہیں آئے گا اور کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی جائے گی لیکن انہیں یہ خیال رکھنا ہو گا کہ یہاں سپریم کورٹ، ایف بی آر، وزیراعظم ہاﺅس اور پارلیمنٹ جیسی اہم عمارات ہیں، ہم ان کی حفاظت کیلئے اقدامات کریں گے لیکن ہم یہ توقع کرتے ہیں کہ اپوزیشن ایک آئینی ادارے کے سامنے ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ براڈ شیٹ پانامہ کا پارٹ ٹو ہے اور اس میں یہ سب بے نقاب ہو گئے ہیں، اس کے علاوہ بھی بہت سے معاملات ہیں لیکن مولانا فضل الرحمن سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نے بالآخر زیادہ نقصان اٹھانا ہے، یہ سیاستدان اپنا راستہ تلاش کر لیں گے اور آپ بیچ منجدھار میں پھنس جائیں گے۔




































