
جہلم(ویب ،خبر ایجنسی ،فوٹو فائل) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار دینا سب سے
بڑا چیلنج ہے ،سیاحت ایک ایسی صنعت ہے جو سب سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے، ہم اپنے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پاکستان بھر کے سیاحتی مقامات کو ترقی دے رہے ہیں،ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لیے تاریخی مقامات کو محفوظ کرنا ہے۔
جہلم کے علاقے قلعہ نندنہ میں البیرونی ہیریٹیج ٹریل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کوئی بھی قوم اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتی جب تک وہ صحیح معنوں میں اپنی تاریخ کا موازنہ نہیں کرتی۔انہوں نے کہا کہ قرآن شریف کے اندر اللہ پاک نے ہمیں نصیحت دینے کے لیے بتایا کہ گزشتہ زمانوں میں کیا ہوا تاکہ ہمیں معلوم ہو کہ کیا اچھا ہے اور کیا برا ہے اور ہمیں اپنی زندگی کیسے گزارنی چاہیے۔عمران خان نے کہا کہ آج کل جتنی بھی اقوام ترقی کر گئی ہیں وہ سب اپنی پرانی عمارتوں اور تاریخی مقامات پر کھدائی کر کے آثار قدیمہ نکالتے رہتے ہیں جبکہ ہمارے ہاں یہ کام نہیں کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سارے جدید ممالک میں مسلسل کھدائی کر کے قدیم چیزیں نکال کر دیکھا جاتا ہے کہ پرانے زمانے میں کس طرح لوگ رہتے تھے، ساری دنیا یہ کرتی ہے، ہمارے ہاں بھی موئن جو دڑو اور ہڑپہ کی تہذیب انگریزوں نے دریافت کی تھی، اس کے بعد ہمارے اپنے آرکیالوجسٹس نے بہت کم کام کیا بلکہ کچھ کیا ہی نہیں۔ عمران خان نے کہاکہ ہمارے ایک آرکیالوجسٹ صمد نے ہری پور میں دنیا کا سب سے بڑھا 40 فٹ کا بدھا کا مجسمہ، جسے 'سلیپنگ بدھا' کا نام دیا گیا، دریافت کیا ہے اور ایسے قابل پی ای ڈی آرکیالوجسٹس انتہائی کم ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں جہاں بدھ مت مذہب کے ماننے والے ہیں اب وہ سب آکر اس مجسمے کو دیکھنا چاہتے ہیں، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ان سب چیزوں کو محفوظ کرنا ہے۔




































