
اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں کی میڈیا سے
گفتگو کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے گھیراﺅ کر لیا جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ہفتہ کو مسلم لیگ (ن)کے رہنما شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، احسن اقبال اور دیگر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے کہ اس دوران تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد ریڈ زون میں گھس گئی۔
پی ٹی آئی کارکنان نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں وزیراعظم عمران خان کے حق میں اور (ن)لیگ کے رہنماﺅں کے خلاف نعرے درج تھے۔پی ٹی آئی کارکنان نے اس دوران شدید نعرے بازی کی جس سے لیگی رہنماﺅں کو میڈیا سے گفتگو میں شدید مشکلات کا سامنا رہا اور کان پڑی آواز سنائی نہیں دی۔میڈیا سے گفتگو کے بعد بھی پی ٹی آئی کارکنان اور (ن)لیگ کے کارکنان آمنے سامنے آئے جب کہ لیگی کارکنان نے اپنے رہنماﺅں کو حفاظتی حصار میں لے لیا۔
اسی دوران شدید دھکم پیل دیکھنے میں آئی جب کہ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مصدق ملک اور شاہد خاقان عباسی پر تھپڑ بھی برسائے گئے۔پی ٹی آئی کارکنان اور (ن)لیگ کے رہنماﺅں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی اور اس دوران مریم اورنگزیب کو دھکے دیئے گئے جس پر لیگی رہنما مصدق ملک اور شاہد خاقان عباسی بھی پی ٹی آئی کارکنان نے دست و گریباں ہوگئے جب کہ چند پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے۔




































