
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ، خبر ایجنسی ،فوٹو فائل ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے
کہ ایوان بالا میں ہم کامیاب ہوں گے اور عوامی مفاد کی قانون سازی کریں گے، سینیٹ انتخابات سے ظاہر ہوگیا کہ ہم اخلاقی تنزلی کا شکار ہورہے ہیں، اگلے دو سالوں میں ہماری پوری کوشش عوامی مفاد کی قانون سازی پر ہوگی، اتحادیوں کے تحفظات سے آگاہ ہوں، انہیں مایوس نہیں کریں گے،ایک پرانے نظام کو ختم کرکے نیا سسٹم لانے میں وقت لگتا ہے۔
جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان نے سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ الیکشن پر مشاورت ہوئی جبکہ اتحادیوں نے یقین دہانی کرائی کہ پہلے اور آئندہ بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی اراکین حکومت کا اہم حصہ ہیں اور آپ کا مشکور ہوں کہ آپ نے ہر موقع پر ہمارا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے تحفظات سے بخوبی آگاہ ہوں اور ان کے تحفظات بہت جلد دور کر دیے جائیں گے، آج کا انتخاب انتہائی اہم مرحلہ ہے،وزیر اعظم نے سینیٹ اراکین کو ہدایت کی کہ جمعہ کو سینیٹ اجلاس میں تمام اراکین اپنی حاضری یقینی بنائیں اور حکومتی امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے پہلے ڈھائی سال پارلیمنٹ میں اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے قانون سازی میں مشکلات پیش آئیں، امید ہے سینیٹ میں اکثریت کے بعد ہمارے لیے قانون سازی آسان ہوگی۔ پرانے نظام کی تبدیلی بغیر قانون سازی ممکن نہیں، اگلے دو سالوں میں ہماری پوری کوشش عوامی مفاد کی قانون سازی پر ہوگی۔ہماری ترجیحات عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے




































