
لاہور (ویب ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز
شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے وکلاءنے نیب لاہور کی جانب سے جاتی امراء15سو کینال اراضی کیس میں جاری کئے گئے نوٹس کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے،بتایا گیا ہے کہ وکلاءنے اس مسئلے پر اپنی ماہرانہ رائے کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے مشاورت کے دوران کیا۔ مشاورت میں مریم نواز کے دونوں وکلاءامجد پرویز اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ شامل تھے۔
مریم نواز نے اپنے وکلاءسے نیب کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت منسوخی کی درخواست پر جواب دائر کرنے کے لئے مشاورت کی۔ لاہور ہائیکورٹ نے نیب لاہور کی درخواست پر مریم نواز سے جواب طلب کر رکھا ہے۔
ملاقات میں نیب لاہور کی جانب سے جاری کئے گئے حالیہ دو نوٹسز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز 26 مارچ کو نیب کے طلب کر نے پر نیب آفس پیش ہونگی یا نہیں اس بات کا فیصلہ مشاورت میں کیا جائے گا۔




































