
لاہور (ویب ڈیسک،فوٹو فائل ) جمعیت علماءاسلام پاکستان کے امیر اور پی ڈی ایم
کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ پی ڈی ایم میں باہمی اختلاف کو ہوا دی جارہی ہے اور مسئلہ اتنا نہیں جتنا کہ بڑھا چڑھا کر بیان کیا جارہا ہے اور یہ سب کچھ ”سرکار“ اہتمام کے ساتھ کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی چھوڑے یا چلے، پی ڈی ایم کے فیصلے باہمی مشاورت سے ہورہے ہیں اور کسی کو فالتو دخل اندازی کی ضرورت نہیں، ہم معاملات کو سنبھالنا اور چلانا دونوں طرح جانتے ہیں۔
، وہ گزشتہ روز خانقاہ رشیدیہ بستی سراجیہ چیچہ وطنی میں جمعیت علماءاسلام پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد حبیب اللہ چیمہ کے انتقال پر ان کے بڑے بھائی اور مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، جاوید اقبال چیمہ ،داکٹر محمد اعظم چیمہ ،سعید احمد چیمہ ،محمد قاسم چیمہ اور دیگر حضرات سے تعزیت کے بعد گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمن کے ہمراہ جمعیت علماءاسلام کے صوبائی رہنماءسید فیاض احمد شاہ ،چودھری ضیاءالحق ،پیر جی عزیز الرحمن رائے پوری ،حافظ حفیظ اللہ،حافظ محمد معاویہ راشد اور دیگر حضرات بھی تھے، ۔
اس موقع پرخانقاہ سراجیہ اورخانقاہ رشیدیہ کے متوسلین ، جمعیت علماءاسلام اور مجلس احرار اسلام کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے مولانا فضل الرحمن کو بتایا کہ قائد احرار ابن امیر شریعت حضرت پیر جی سید عطاءالمہیمن بخاری مرحوم نے تقریباً دس سال چیچہ وطنی قیام کیا ،وہ ہمارے ہاں مدرسہ عربیہ رحیمہ 12-42ایل میں بھی پڑھاتے رہے اور ہم ان کے پاس پڑھتے رہے۔ ہمارے والد گرامی حافظ عبدالرشید کے دینی تعلقات کی وجہ سے ہمارے خاندان اور برادری میں دینی شعور پیدا ہوا اور یہ شہر ”شہر ختم نبوت “ کہلاتا ہے جو ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے ۔




































