
لاہور (ویب ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں اور عوام کے مفادات میں واضح ٹکراؤ ہے۔ سرمایہ
دارانہ نظام اور اس کے پیروکار وں نے معیشت اور اداروں کا بیڑہ غرق کردیا۔ پہلے کہاتھا حکومت بجٹ ٹارگٹس غریبوں کا خون نچوڑ کر پورے کرے گی۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور کینٹ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں اور منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی پھر تیاری ہورہی ہے۔ واضح کر دینا چاہتاہوں عالمی مالیاتی اداروں کے اشاروں پر ایسے ہی سرنڈر ہوتارہا تو خدانخواستہ ملک مکمل ڈیفالٹ کر سکتاہے۔ قوم کے پاس واحد راستہ سرمایہ داروں، مافیاز اور وڈیروں سے نجات ہے، جمہوری اور پرامن جدوجہد کرناہوگی۔ عوام نے باقی پارٹیوں کو آزما لیا اب جماعت اسلامی پر اعتماد کریں۔
سراج الحق نے کہا کہ ہمیں خدمت کا موقع ملا تو عمر فاروق ؓ کا نظام لائیں گے، جہاں حکمرانوں کو اپنے اثاثوں سے متعلق عوام کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔ لوگ محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری کا بھر پور مظاہرہ کریں۔ فرقہ واریت کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرناہوگا۔ اسلام دشمن طاقتیں امت میں فساد پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ ہمیں اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کی ضرورت ہے، محبت اور یگانگی کو فروغ دیں۔
سراج الحق نے کہاکہ ورلڈ بنک کے نائب صدر کے دورے کے فوری بعد اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت نے ایک بار پھر بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں اضافہ کی تیاری کر لی ہے۔ ورلڈ بنک نے واضح کیا ہے کہ آئی ایم ایف کی اگلی قسط ان کی جانب سے دی گئی ہدایات پر مکمل عملدرآمد سے مشروط ہے۔وزیراعظم آئے روز معیشت میں بہتری کے دعوے کرتے ہیں مگر دوسری طرف کشکول بھی اٹھایا ہواہے۔ ان کی منطق قوم کی سمجھ سے بالا ہے، گزشتہ تین سالوں میں اشیائے خوردونوش، بجلی، پٹرول، ادویات کی قیمتوں میں 100 سے 200 فیصد اضافہ ہوا۔غریبوں کے لیے گھٹن کے اس ماحول میں سانس لینا دشوار ہوگیا۔ حکمران غریبوں کی حالت زار پر رحم اور اپنی اصلاح کریں۔ دو فیصد ارب پتیوں نے پورے ملک کو یرغمال بنایا ہواہے قوم ان کے خلاف جدوجہد کرنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔




































