
کراچی :وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیکنالوجی کے شعبہ میں آگے بڑھ رہا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم سے کم ہو گیاہے
لیکن معیشت کی ترقی سے اس پر دباؤ بڑھ رہا ہے، ہمیں برآمدات بڑھانے، منی لانڈرنگ روکنے پر توجہ دینی ہے، بیرون ملک پاکستانی بینکنگ چینل سے اپنی رقوم بھیجیں، ہم خود انحصاری کے راستے پر گامزن ہو گئے ہیں، شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کی تنصیب سے جہازرانی کی صنعت ترقی کرے گی اور معیشت کو فائدہ ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی شپ یارڈ میں شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل،وفاقی وزرا اسد عمر، زبیدہ جلال، علی زیدی بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان 50 سال پہلے ترقی کے جس سفر پر گامزن تھا بدقسمتی سے بعد کے سالوں میں وہ برقرار نہ رکھ سکا اور ہم نے اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے، خودانحصاری اور آگے بڑھنے کی بجائے دوسرے پر انحصار شروع کردیا۔ ہم نے اپنی قوت کو نہیں پہچانا اور سہارے تلاش کر لئے۔
وزیراعظم نے کہاکہ جو قومیں مزاحمت نہیں کرتیں وہ کبھی بھی اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہو سکتیں۔ ریاست مدینہ کے اصولوں پر جو بھی قوم چلے گی وہ ترقی اور کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔ نبی کریم ﷺ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ آپ نے غیر ملکی سربراہان کو خطوط لکھے تو ان سے امداد نہیں مانگی بلکہ انہیں اللہ کاپیغام پہنچایا اور خود دار قوم کھڑی کرکے انسانی تاریخ کادھارا بدل دیا۔ آپ کی تشکیل دی ہوئی قوم نے دنیا کی امامت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم ایک بار پھر اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ کراچی شپ یارڈ میں بحری جہازوں کی مرمت کے نظام کی ترقی اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک کا پیسہ بچے گا جو کام پہلے ہمیں دوسرے ممالک سے کرانا پڑتا تھا اب وہ یہاں پرہو گا۔ اس سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ ہم دوسرے ممالک کو بھی یہ سہولیات فراہم کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو چکی ہے۔کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم سے کم ہو گیاہے۔ اب چیلنج یہ ہے کہ جیسے جیسے معیشت بہتر ہو گی کرنٹ اکاؤنٹ پر دباؤ بڑھے گا۔




































