
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وفاقی وزارت صحت نے کورونا ویکسین مارچ 2021 میں متعارف کرانے
کا اعلان کر دیا ۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کن لوگوں کو لگائی جائے گی؟ اس کی قیمت کیا ہونی چاہیے؟ اور یہ ویکسین کن مراحل سے گزر کر عوام تک پہنچائی جائے گی؟ کورونا وائرس سے بچاﺅ اور ویکسین کے ممکنہ حصول کیلئے پاکستانی حکومت نے طریقہ کار طے کر لیا ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن پلان کے تحت مارچ 2021 میں ویکسین پاکستان میں دستیاب ہوگی۔ صرف ایک یا دو ممالک نہیں بلکہ مختلف ممالک سے ویکسین کے لیے رابطے میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ویکسین بنانے والے تمام بڑے اداروں سے رابطے میں ہیں۔ ویکسین خریدنے کے لیے پیسے مختص کرنا بہت اہم تھا جو کر لیے گے ہیں۔ کورونا ویکسین کی خریداری معمول کی خریداری کے طرز پر نہیں ہوگی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ دوا کی خریداری کے لیے دیکھیں گے کہ سودمند ویکسین کون سی ہے۔ ویکسین کی خریداری کے بعض پہلوﺅں پر فیصلہ کرنا تھوڑا مشکل ہے۔ ماہرین کی آرا کو دیکھ کر کمیٹی ویکسین کی خریداری کا حتمی فیصلہ کرے گی۔
معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن مہم 3 مراحل میں چلائی جائے گی۔ ویکسین ای پی ائی پروگرام کے طرز پر ہی فراہم کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں طبی عملے کو جبکہ دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی پہلی لہر پر کامیابی سے قابو پا کر کووڈ۔19 کی ویکسین سے استفادہ کرنے کی شرائط پوری کر لی ہیں جس کی بدولت جلد از جلد یہ ویکسین دستیاب ہوگی۔




































