
لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی)کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ
اپوزیش میں دراڑ ڈالنے کی کوشش ناکام ہوگی ،پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ31 دسمبر تک پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع ہوں گے ۔
لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ میں یہاں تعزیت کے لیے آیا تھا کیونکہ میں کافی دنوں سے قرنطینہ میں تھا اور مجھے تعزیت کا موقع نہیں ملاتھا۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں 13 دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم کا تاریخی جلسہ ہونے والا اور اس کی تیاری اور حکومت کی پریشانی سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے جو پیغام گجرانوالہ، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان میں اسلام آباد کو سنایا تھا اور ہمارا ماننا ہے کہ لاہور اسی انداز میں اسلام آباد کو پیغام بھیجے گا کہ ہمارا کٹھ پتلی وزیراعظم اکیلا کھڑا ہے اور پاکستان کے عوام جمہوریت اور جمہوری جماعتوں کے ساتھ ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اب اس حکومت اور اس کے سہولت کاروں کو سوچنا پڑے گا کہ وہ کب تک عوام کی امیدوں اور مطالبات کے سامنے دیوار بن کر کھڑے ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پی ڈی ایم کا پہلا مرحلہ کامیابی اور بڑی تیزی سے آگے بڑھتا جارہا ہے اور 13 کے بعد ہم دوسرے مرحلے میں داخل ہوجائیں گے اور سب کو نظر آئے گا کہ حکومت خود بھاگنے والی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں بلاول بھٹو کی شکر گزار ہوں کہ وہ میری دادی کی وفات پر تعزیت کرنے آئے اور جلسے اور پی ڈی ایم کے اگلے مرحلے پر تفصیلی بات بھی ہوئی اور اس حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ جو یہ دعوی کرتا تھا کہ نواز شریف یا پی ڈی ایم سے مقابلہ ہے لیکن ہمیں سمجھ آرہی ہے کہ ان کا مقابلہ ڈی جے بٹ، کرسیاں اور ٹینٹ والوں اور بٹ کڑاہی کے مالک سے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملتان میں بھی انہوں نے آخر وقت تک اسٹیڈیم کو بلاک رکھا لیکن جلسے ہوا، اسٹیڈیم میں جلسہ ہوتا تو شاید اتنا کامیاب جلسہ نہ ہوتا مگر ملتان کے لوگوں کو غصہ آیا اور وہ باہر آئے، بغیر لائٹ اور ساند سسٹم کے بڑی کامیابی سے شرکت کی۔
مریم نواز نے کہا کہ ہماری تحریک پرامن ہے اور ہم کہتے ہیں ہمارے راستے سے ہٹ جا اور اگر اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کریں گے تو حکومت جلدی گھر جائے گی۔بلاول بھٹو نے استعفوں سے متعلق سوال پر کہا کہ میڈیا میں جو دوست یہ خبریں دیتے ہیں شاید ان کی پی پی پی سے خاص محبت ہے اور وہ پی ڈی ایم کے بننے سے آج تک خواب دیکھ رہے ہیں کہ کسی نہ کسی طرح پی ڈی ایم میں دراڑ پڑے لیکن وہ ہر موقع پر ناکام ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب میں گلگت میں تھا تو کہا گیا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات پر ہم پی ڈی ایم چھوڑ دیں گے اور ان استعفوں کی بات پر کئی قوتوں اور کچھ دوستوں نے ایسی باتیں کی ہیں کہ ہمارے درمیان دراڑ ہو لیکن پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا کہ 31 دسمبر تک ساری جماعتوں کی قیادت کے پاس استعفے جمع ہوں گے۔




































