
کراچی: ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ ابرار احمد جعفر کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔سرکاری نوٹیفکیشن کے
مطابق ابرار احمد جعفر کو محکمۂ سروسز رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر ملیر کو ڈی سی ایسٹ کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔یہ اقدام اس افسوسناک واقعے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں نیپا چورنگی کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر تین سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا تھا۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال کے اسسٹنٹ انجینئر راشد فیاض، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایگزیکٹو انجینئر وقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال عامر علی شاہ اور مختیارکار گلشن اقبال سلمان فارسی کو بھی ان کے عہدوں سے معطل کردیا گیا تھا۔





































