
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کے دوران
فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 41 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
ہرنائی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 29 جنوری کو صوبے کے دو مختلف اضلاع میں کی گئیں۔ پہلی کارروائی ضلع ہرنائی کے نواحی علاقے میں عمل میں آئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 30 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان نامی دہشتگرد تنظیموں سے تھا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیاجسے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔
دوسری کارروائی ضلع پنجگور میں کی گئی، جہاں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دہشتگردوں کے ایک اور ٹھکانے کو تباہ کیا گیا۔ اس کارروائی میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک ہوئے،آئی ایس پی آر نے بتایا کہ برآمد شدہ اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ ساتھ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی کے دوران لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی، ہلاک دہشتگرد ماضی میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز بدستور جاری ہیں۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم کو پوری شدت سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گرد سرگرمیوں کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
یہ کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں، پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت خفیہ معلومات کی عکاس ہیں، جنہیں بلوچستان میں امن و استحکام کی بحالی اور عوام کے تحفظ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔





































