
اسلام آباد (ویب ڈیسک)تحریک انصاف کی حکومت نے اپنی 2 سالہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھتے ہوئے نوید سنائی ہے کہ پاکستانی
معیشت بحرانوں سے نکل آئی ہے،جمہوریت میں حکومت عوام کے سامنے جوابدہ ہوتی ہے، ہم ذاتی مفادات کے لیے سیاست نہیں کرتے،عمران خان کا مقصد صرف اور صرف فلاحی ریاست کا قیام ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٹھایا، آج کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں پہنچ چکا ہے، دنیا نے پاکستان کا موقف تسلیم کیا، او آئی سی میں کشمیر پر چار نشستیں ہوچکی ہیں، افغانستان میں امن کا سہرا پاکستان کے سر ہے۔
وفاقی وزراء شبلی فراز،شاہ محمود قریشی،حفیظ شیخ،حماد اظہر اور ثانیہ نشتر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کی دو سالہ کارکردگی کو بہترین قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ جب حکومت ملی تو ملک میں بحرانی کیفیت تھی، 20 ارب ڈالرز کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تھا، ملک کو دیوالیہ ہونے کا خطرہ تھا، ملک کی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے اخراجات میں کمی کی، ہم نے 5 ہزار ارب روپے کے قرضے واپس کیے، فوج کے اخراجات کو منجمد کیا گیا، حکومت نے کورونا سے متاثرین کے لیے بہترین پیکج دیا، کمزور طبقے تک فوری نقد رقم پہنچائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بلاتعصب ایک کروڑ 60 لاکھ پاکستانیوں کو امداد دی، 250 ارب روپے تقسیم ہوئے۔معیشت کی بہتری ہماری اولین ترجیح رہی ہے، دو سال کے دوران حکومت کی کفایت شعار پالیسی کے تحت کچھ اداروں کو مختلف اداروں میں ضم کیا گیا۔کورونا وائرس کی وجہ سے معیشت کو دھچکہ لگا، ہم نے کورونا سے نمٹنے کے لیے بروقت فیصلے کیے،کورونا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈاوَن کی حکمت عملی کی دنیا بھر میں تعریف کی گئی، بل گیٹس نے پاکستان اور بھارت کا کورونا کیسز سے متعلق موازنہ کیا۔
۔وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ عمران خان نے دائیں اور بائیں بازو کی سیاست کو ختم کرکے درست اور غلط کی سیاست شروع کی یہی بیانیہ ہم لے کر چل رہے ہیں، جمہوریت میں حکومت عوام کے سامنے جوابدہ ہوتی ہے، ہم ذاتی مفادات کے لیے سیاست نہیں کرتے، ہماری سیاست کا مقصد فلاحی ریاست کا قیام ہے، عوام نے سیاست کو پیشہ بنانے والوں کو مسترد کردیا ہے، وزیراعظم عمران خان محنتی اور دیانت دار لیڈر ہیں، عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی نے غلط اور صحیح کی سیاست کی عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر عبور کررہے ہیں، احتساب، انصاف، میرٹ اور پسماندہ طبقے کی ترقی وزیراعظم کا ویژن ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک غریب پرور شخص ہیں جن کی یہ سوچ ہے کہ ملک کو کس طرح آگے لے جایا جائے اور کس طرح ملک کو فلاحی ریاست بنایا جاسکے اور 2018 میں ہماری حکومت بننے کے بعد ان اہداف کا حصول ممکن ہوا جبکہ ہماری تمام پالیسیاں بھی اسی سوچ کے گرد گھومتی ہیں، ہمارا چیلنج صرف یہ نہیں کہ حکومت کی کامیابیوں کی تشہیر کی جائے بلکہ ہمیں اندرونی اور بیرونی محاذ پر لڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار چل رہی ہے دشمن ہمیں ہر طرح کا نقصان پہنچانا چاہے ہیں، ہماری معیشت تباہ کرنا، ملک میں ناامیدی پھیلانا چاہتا ہے جس سے نمٹنے کے لیے وزارت اطلاعات عمران خان کی قیادت میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔





































