
کراچی (ویب ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کے 70دفاتر اور الخدمت کے تمام
اسپتالوں اورکلینکس کو کورونا ہیلپ سینٹرمیں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ فیکٹری مزدوروں کی فہرستیں مرتب کرکے ان کو فہرستوں کے مطابق راشن اور امدادی اشیا فراہم کی جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا وائرس اور شہر کی موجود ہ صورتحال کے حوالے سے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، الخدمت کے سکریٹری راشد قریشی، امیرضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور الخدمت کے قاضی صدر الدین ودیگر بھی موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ جماعت اسلامی کراچی نے اس سلسلے میں مرکزی، ضلعی اور علاقائی کمیٹیاں قائم کر دی ہیں، جو مرکزی سطح پر ڈاکٹر اسامہ رضی کی سربراہی میں قائم کی جانے والی کمیٹی سے رابطے میں ہوں گی۔
جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے نوجوان اس حوالے سے پورے شہر میں اور تمام ہسپتالوں میں خصوصی خدمات انجام دینے کے لیے ہمہ وقت موجود رہیں گے اور اس حوالے سے ان کی خصوصی ٹیمیں کراچی یوتھ کے صدر ہاشم ابدالی کی قیادت میں تشکیل دی جائیں گی۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی خدا سے رجوع، توبہ استغفار اور اس وباء سے متعلق آگاہی کے سلسلے میں ایک تربیتی و آگاہی مہم چلائے گی۔ عوام آزمائش کی اس گھڑی میں تعاون کریں، فیکٹری مالکان مزدوروں کے لیے ایثار کا مظاہرہ کریں اور چھٹیوں کے دوران ان کی تنخواہوں میں کٹوتی نہ کریں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے شہریوں اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ضرورت مند شہریوں کا خیال رکھیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے کیونکہ ہر مصیبت اور آفت خدا کی طرف سے یا تو تنبیہ ہے یا آزمائش،ہمیں اس پر ایمان رکھنا چاہیئے اور اللہ پر توکل کرتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر بھی بروئے کار لانی چاہیئں اور خوف سے باہر آجانا چاہیے ۔




































