
اسلام آباد( ویب ڈیسک،فوٹو فائل) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سوئٹزر لینڈ کے اپنے ہم منصب ایگنازیو
کاسیس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔بات چیت کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے باعث سویٹزرلینڈ میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوس وزیر خارجہ سے اظہار تعزیت کیا اور اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سویٹزرلینڈ حکومت کی جانب سے کیے گئے بروقت اقدامات کی تعریف کی۔
وزیر خارجہ نے اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کچھ روز قبل میٹرہارن کی پہاڑیوں پر پاکستانی پرچم لہرانے جانے پر سوئٹزرلینڈ کی حکومت اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کے باعث، دنیا ممکنہ عالمی معاشی بحران کی طرف بڑھ رہی ہے۔وزیر خارجہ نے اس وبائی تناظر میں، کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی "گلوبل ڈیٹ ریلیف "مہم کے خدوخال سے سوس وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت کی جانب سے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مسلسل کرفیو اور دیگر پابندیوں کے باعث 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن ہو چکی ہیں - انہیں بنیادی ضروریات زندگی تک رسائی حاصل نہیں ہو رہی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم باسیوں کو خوراک اور ادویات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے، عالمی برادری کرفیو کے فی الفور خاتمے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔




































