
اسلام آباد (ویب ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے کورونا وائرس سے
متعلق تازہ ترین اعدادو شمار جاری کردیئے، گزشتہ 24گھنٹوں میں 2ہزار 980 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے، ایک لاکھ 40 ہزار 965 مریض کورونا وائرس کو شکست دیکر مکمل صحت یاب ہوگئے۔
ٹی ٹی کیو حکمت عملی کے تحت30 شہروں میں بروقت ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی کی، ان علاقوں میں وباء پر قابو پانے کے لئے ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن عوام کی صحت کو یقینی بنائیں گے۔
این سی او سی کے مطابق صحت ماہرین کا مشورہ ہے کہ جیسا کہ عوام الناس نے گزشتہ 4 سے6 ہفتوں اور بالخصوص عیدلفطر کے موقع پر معاشرتی فاصلے، ماسک کے استعمال سمیت ایس او پیز پر عمل درآمد کیا اسی طرح عیدالاضحی کے دوران بھی ایسا ہی تعاون جاری رکھیں اس سے انتظامیہ کو وباء پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
کورونا وائرس کے باعث گزشتہ 24گھنٹوں میں 83 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ گزشتہ24گھنٹوں میں 21 ہزار 951 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سندھ کے 9 ہزار 317، پنجاب کے 7ہزار 659، کے پی کے کے 2017، اسلام آباد کے 2078، بلوچستان کے 505، گلگت بلتستان کے 82 اور آزاد کشمیر کے 293 ٹیسٹ شامل ہیں۔ ملک بھر میں کوویڈ 19کے مریضوں کے لئے 1573وینٹی لیٹرز ز مختص کیے گئے ہیں،جن میں سے 442 وینٹی لیٹرز استعمال میں ہیں۔
اس وقت تک ملک بھر میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 4 ہزار 922 اموات ہوچکی ہیں،جن میں پنجاب کی1929، سندھ کی1614، کے پی کے کی 1045، اسلام آباد کی 140، گلگت بلتستان کی 30 اور آزاد کشمیر کی 40 اموات شامل ہیں۔ اب تک ملک بھر میں 14لاکھ 67ہزار 104کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ملک بھر کی 733 ہسپتالوں میں 4567کورونا مریض زیر علاج ہیں۔




































