
حیدرآباد(ویب ڈیسک) جامعہ سندھ جامشورو میں ثقافت کا دن بڑے جوش وخروش سے منایا گیا۔ یونیورسٹی کے طلبہ نے
چاروں صوبوں کے ثقافتی لباس زیب تن کیے ہو ئے تھے۔ یونیورسٹی کے طلباء سندھی، اردو، بلوچی، پنجابی، پشتو اور سرائیکی گیتوں پر خوشی میں جھوم رہے تھے۔
شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت آرٹس فیکلٹی بلڈنگ، آئی بی اے، انگلش، میڈیا اینڈ کمیونیکیشن، انسٹیٹیوٹ آف بایوکیمسٹری، انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن سمیت مختلف شعبوں میں جاکر طلباء کی ثقافتی خوشیوں میں شریک ہوئے ان کی کاوش کو سراہا۔
اس موقع پر انہوں نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ پاکستان قدرت کا عظیم تحفہ ہے،جس کی خوبصورت بے مثال ہے ہم سب پاکستانی قوم ہیں اور ہمیں اپنی اس پہچان پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ باشعور قومیں اپنے قومی و ثقافتی دن بڑے جوش و جذبے سے مناتی ہیں اور آج بھی وہ ہی جوش و جذبہ نظر آ رہا ہے۔ پاکستان میٹھی زبانوں اور خوبصورت ثقافتوں کا گلدستہ ہے، جامعہ سندھ ثقافتی رواداری کا بہترین مثال ہے۔
اس موقع پر انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں ”آئی بی اے امن میلے“ کا بھی افتتاح کیا اور وہاں قائم سندھی، بلوچی، پنجابی، پختون، کشمیری، گلگت بلتستانی روایتی کھانوں کے اسٹالز، کتب، ثقافتی اشیاء اور دلچسپ کھیلوں کے اسٹالز کا بھی معائنہ کیا۔




































