
کراچی (یاسمین شوکت :عکاسی :محمد سعاد ) کراچی ایکسپو سینٹر میں15واں عالمی کتب میلہ
اختتام پذیر ہو گیا ۔ کتب میلے میں بڑی تعداد میں شرکت کر کے کراچی والوں نے اپنی علم دوستی کا ثبوت دے دیا ۔
چار روز میں کروڑوں روپے کی خریداری کی گئی ۔میلے کے آخری دوروز اتوار اورپیر کو شہریوں نے کتب میلے میں بھرپور شرکت کی۔
پیر کو شہر کراچی کے نجی وسرکاری اسکولوں کے ہزاروں طلبہ وطالبات نے میلے میں شرکت کی ۔ وہ میلے سے نہ صرف لطف اندوز ہوئے بلکہ بڑی تعداد میں کتب بھی خریدیں ۔بچوں کے ساتھ ان کے اساتذہ بھی موجود تھے ۔
چارروز کے دوران مختلف سیاسی ،علمی ،ادبی شخصیات نے ایکسپو سینٹرز کا دورہ کیا اوروہاں لگے اسٹالز کا بھی معائنہ کیا اور لوگوں کا علمی وادبی ذوق اورکتب سے محبت دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ۔
”رنگ نو ڈاٹ کام“ نے وہاں لاہور اور کراچی کے پبلیشرز کے لگے اسٹالز پر محمد کامران ،محمد افضل چوہدری ،محمد خرم ،ذیشان علی ودیگر سے خصوصی گفتگو کی جنہوں نے اس کتب میلے کو سراہا اورکہا انٹرنیٹ کتاب کی اہمیت کو ختم نہیں کرسکا ۔یہ کتب میلہ اس بات کا ثبوت ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کتب میلہ اسی طرح جاری رہے گا ۔
طلبہ وطالبات کا کہنا تھا کہ کتب میلے کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ،یہاں کتاب دیکھ کر اندازہ ہوا یہ یہ کتب علم وادب کا سمندر ہیں ۔یہ کتب میلہ جاری رہنا چاہیے۔




































