
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت نے بچوں کیلئے آن لائن
کلاسز شروع کی ہیں اور اس مقصد کیلئے پاکستان ٹیلی ویژن کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، کوشش کریں گے کہ ٹی وی پر اردو، انگریزی اور اسلامیات کے مضامین پڑھائے جائیں کیونکہ ان مضامین کا سلیبس تمام صوبوںمیں تقریباً ایک جیسا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی وزراءتعلیم کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا گیا تھا، مزید بھی جو فیصلے کریں گے باہمی مشاورت سے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نئے نصاب پر تمام صوبوں نے دستخط کئے ہیں اور سب کا اتفاق ہے، سندھی طلبہ کیلئے سندھی زبان میں کورسز کا سوچ رہے ہیں، اس کے علاوہ سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹیاں بھی آن لائن لیکچر پر غور کر رہی ہیں اور امید ہے کہ ہائرایجوکیشن کمیشن جلد ہی اس حوالے سے تفصیلات جاری کرے گا۔





































