
کراچی (تعلیم ڈیسک)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی کے زیر صدارت بدھ
کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں آن لائن کلاسز کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔آن لائن کلاسز کے انعقاد کے لئے تشکیل دی جانے والی کمیٹی نے اپنی سفارشات شیخ الجامعہ کو پیش کیں۔
جاری اعلامیہ کے مطابق شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے تمام روئسائے کلیہ جات کو ہدایت کی کہ روئسائے کلیہ جات آن لائن کلاسز کے انعقاد کے سلسلے میں تمام صدور شعبہ جات کے ساتھ جلد ازجلد اجلاس منعقد کریں اور انہیں آن لائن کلاسز لرننگ مینجمنٹ سسٹم (ایل ایم ایس)کے حوالے سے کئے جانے والے فیصلوں کے حوالے سے اعتماد میں لیں۔کنوینرکمیٹی پروفیسر ڈاکٹر جمیل حسن کاظمی نے جامعہ کی تیاری،اساتذہ کی تیاری،کورس کی تیاری، ٹیکنالوجی کی دستیابی،لائبریری تک رسائی اور طلباوطالبات کی تیاری کے بارے میں شرکا کو آگاہ کیا۔
جامعہ کراچی کی تیاری کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ جامعہ ایچ ای سی کے تعاون سے حاصل کردہ لرننگ مینجمنٹ سسٹم کو استعمال کرنے کے آخری مراحل میں ہے،اس حوالے سے تمام اساتذہ کی آئی ڈیزبنائی جاچکی ہیں اور جلد ہی ان تک پہنچادی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تیاری کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ایک سروے کے ذریعے اساتذہ کی ضروریات اور مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی گئی ہے تاکہ ان کی ضروریات کو پورا اور مسائل کے تدارک کو یقینی بنایا جاسکے۔اساتذہ کو لرننگ مینجمنٹ سسٹم سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے تربیتی ویڈیوز تیارکرلی گئیں ہیں۔





































