
راولپنڈی(تعلیم ڈیسک)پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ حکومت پنجاب کی ہدایت کی روشنی
میں تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے سالانہ 2020 کا رزلٹ جاری کر دیا ہے۔ لاہور میٹرک بورڈ کے نتائج کے مطابق کامیابی کا تناسب 71 فی صد رہا، امتحانات میں 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد بچوں نے شرکت کی، تمام طلبہ رزلٹ 8029 پر میسج کر کے معلوم کر سکتے ہیں۔ میٹرک کے رزلٹ کا اعلان ہوتے ہی لاہور بورڈ کی ویب سائٹ ڈاون ہو گئی، طلبہ کو آن لائن رزلٹ چیک کرنے میں دشواری کا سامنا ہو رہا ہے، بورڈ کے دیے گئے ہیلپ لائن نمبر پر بھی جوابات موصول ہونا بند ہو گئے۔#
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے نتائج کے مطابق امتحان میں 122553 امیدواروں نے داخلہ بھیجا، جن میں سے 121507 امیدوا شامل امتحان ہوئے، ان میں سے 91888 امیدوار کامیاب ہوئے۔ ترجمان راولپنڈی بورڈ ارسلان علی چیمہ کے مطابق امتحانات میں کامیابی کا تناسب 75.65 رہا، 29429 امیدوا مذکورہ امتحان میں فیل ہوئے، جب کہ 1007 امیدوار غیر حاضر رہے، امتحان میں 57128 طالبات اور 65425 طلبہ شامل امتحان ہوئے تھے۔ملتان بورڈ کے مطابق امتحانات میں کامیابی کا تناسب 84.72 رہا، امتحانات میں ایک لاکھ 14 ہزار 584 امیدوار رجسٹر ہوئے، جن میں سے ایک لاکھ 13 ہزار 407 نے امتحانات دیے، ان میں سے 96 ہزار 74 امیدوار کامیاب ہوئے، تعلیمی بورڈ بہاولپور نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
ترجمان کے مطابق تعلیمی بورڈ بہاولپور کے زیر اہتمام 83،221 طلبا وطالبات نے امتحان میں حصہ لیا۔ امتحان میں 66،405 امیدواران کامیاب قرار پائے اور نتیجہ 79.91 فیصد رہا۔ترجمان تعلیمی بورڈ بہاولپور کے مطابق تعلیمی ادارہ جات اور پرائیویٹ طلبا کے گھروں پر رزلٹ روانہ کردیے گئے ہیں،گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ تنائج کااعلان کردیا۔ چیئر مین بورڈ کے مطابق 2لاکھ 15 ہزار 208 امیدواروں نے امتحانات میں حصہ لیا۔ ایک لاکھ 68 ہزار 251 طالبعلم نے امتحان پاس کیا۔
کامیابی کا تناسب ،78.18 فیصد رہا۔چیئر مین گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے مطابق سائنس گروپ میں 75،063 امیدوار شامل تھے۔ سائنس گروپ میں 74،856 خواتین نے حصہ لیا۔بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال نے بھی میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
ساہیوال بورڈ کے تحت رزلٹ میں کامیابی کا تناسب 73.69فیصد رہا۔دوسری جانب تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازی خان نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ کنٹرولر بورڈ کے مطابق امتحان میں 78 ہزار 793امیدواروں نے حصہ لیا۔ امتحان میں 66 ہزار981 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ ڈیرہ غازی خان میں میٹرک کے امتحان میں کامیابی کی شرح 85 فیصد رہی۔





































