
رپورٹ: یاسمین صدیقی
مطالعہ کرنا،تحریریں لکھنا اور پھر انہیں شائع کروانا قلم کاروں کامحبوب مشغلہ ہوتا ہے،یہ مشغلے کے ساتھ ساتھ ایک نظریہ،ایک فکر اور ایک
سوچ بھی ہوتی ہے جس کو قلم کار پروان چڑھانے کے لیے اپنے الفاظ کو صفحہ قرطاس پر بکھیرتے ہیں اور پھر اسے تحریر کی شکل میں ڈھال کر دنیا کے سامنے پیش کر تے ہیں ۔اس میں اصلاح معاشرہ کا پہلو ہوتا ہےاور اصلاح خاندان کا بھی ،ساتھ ساتھ اپنی ذات کی تربیت اور تشفی کا بھی اہتمام ہوتا ہے۔
ملک بھر کے نوآموز قلم کاروں کی کاوشوں کو پروان چڑھانے کے لیے رنگ نو رائٹرز کلب ملک بھر کے قلم کاروں کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہا ہے۔رنگ نو نے ملک بھر کے قلم کاروں کی تحریروں کو جمع کیا اور پھر اس پر دو کتابیں ترتیب دیں۔ سینئر صحافی زین صدیقی او ر ادیبہ محترمہ افروز عنایت کی کتاب جگمگ تارے میں بچوں کی کہانیاں اور بولتی تحریریں میں اصلاحی، معاشرتی اور فکری مضامین شامل ہیں ۔دوسری دو کتابوں میں ادیبہ محترمہ عائشہ بی کی بچوں کی کتاب ننھی کلیوں سے باتیں اور معاشرتی اصلاحی مضامین پر مشتمل کتاب سیپ کے موتی ممتاز ادیبہ محترمہ افروز عنایت کی تحریروں پر مبنی تصنیف ہے۔
چاروں کتابوں کی تقریب رونمائی گزشتہ دنوں کراچی پریس کہ کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔تقریب کا اغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ،تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کی سعادت سید تفضل حسین سعادت میں حاصل کی۔تقریب میں نظامت کے فرائض سینئر براڈ کاسٹر ریڈیو پاکستان اظہر جان نے انجام دیئے ۔

تقریب کی صدارت بچوں کے ادیب و استاد پردفیسر سلیم مغل نے کی ۔مہمان خصوصی ممتاز ادیبہ واستاد پروفیسرڈاکٹر فرحت عظیم تھیں ۔ ادیب ،دانشور ،وشاعر،مفسر اقبالیات اور سیرت نگار پروفیسر خیال آفاقی ،نجی بینک کے جنرل منیجر وہیڈ آف ایڈمنسٹریشن ریاض جوئیہ مہمان اعزازی تھے ۔تقریب سے سی ای اورنگ نو وسینئر صحافی زین صدیقی ،سابق صدر شعبہ اردو جامعہ اردو پروفیسر سعید حسن قادری ا،شاعر ،محقق ونقاد ، نامور مصنف رضی الدین سید ، ڈائریکٹر یاسمین شوکت ، کتاب ننھی کلیوں سے باتیں کی مصنفہ محترمہ عائشہ بی اور کتاب سیپ کے موتی کی مصنفہ افروز عنایت نے اظہارخیال کیا ،اس موقع پر ڈاکٹر حسن رضا ،عبدالمعیز ،محمد سعاد اور قلم کاروں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر رنگ نو کی 8ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور مصنفین کو ایوارڈز دیئے گئے ،پبلی کیشنز کے شعبے میں بہترین پبلی کیشنز کا ایوارڈ محمد الیاس کو دیا گیا ،جبکہ کل کراچی مقابلہ ویڈیو گرافی میں پہلا انعام اذما اقبال کو دیا گیا جبکہ تقریب میں شریک قلم کاروں کو کتب کے تحائف دیئے گئے ۔
خطبہ استقبالیہ میں رنگ نو رائٹرز کلب پاکستان کے صدر زین صدیقی نے رنگ نو کی جانب سے ملک بھر کے قلم کاروں کے لیے کی جانے والی کاوشوں اور ایوارڈز کی تقریبات سمیت دیگر امور پر اظہار خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ رنگ نو ملک بھر کے قلم کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اہم ترین فریضہ انجام دے رہا ہے،۔نہوں نے کہا کہ قلم کاروں کی آبیاری اور قلم کاروں کی رہنمائی و حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ا نہوں نے قلم کارں کی تحریریں جمع کرنے اور انہیں کتابی شکل میں مرتب کرنے کے مراحل کا ذکر کیا اور کہا کہ قلم کار وہی کچھ لکھتا ہے جو وہ دیکھتا ہے ،جس کا وہ تجربہ کرتا ہے ۔
صدر تقریب پروفیسر سلیم مغل نے بچوں کے ادب کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی انہوں نے کہا کہ رنگ نو نے بچوں کے ادب کیلئے جو کاوشیں کی ہیں وہ قابل قدر ہیں انہوں نے کہا کہ قلم کار اغلاط پر دھیان دیں،انہوں نے قلم کاروں کو لکھنے سے متعلق کئی اصول بتائے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ادیبہ واستاد محترمہ ڈاکٹر پروفیسر فرحت عظیم نے کہا کہ کتابیں لکھنا اور انہیں شائع کرنا بہت بڑا کام ہے اور یہ کام کوئی اہل علم اور اہل دانش ہی کرسکتا ہے ،تمام قلم کار مبارکباد کے مستحق ہیں جو اس قبیلے سے جڑے ہیں اور اصلاح معاشرہ خوبصورت کام قلم کے ذریعے سے کررہے ہیں ۔
تقریب سے خطاب ادیب ودانشور پروفیسر خیال آفاقی نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا نے کتب بینی کے رجحان کو متاثر کیا ہے مگر اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ کتاب کی اہمیت ،ختم ہوگئی ہے ،کتاب کی اہمیت ہمیشہ برقرار رہے گی ،نئی نسل کو کتب بینی کی جانب لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کتب کی اشاعت آج کے دور کا ایک مشکل عمل ہے ،کاغذ ،پرنٹنگ اور دیگر تمام مراحل مشکل صورت حال اختیار کرچکے ہیں ،آج کے دور میں کتاب کی اشاعت بڑا کام ہے ،انہوں نے تمام مرتبین اور مصنفین کو مبارکباد دی ۔
سیپ کے موتی کی مصنفہ افروز عنایت نے کہا کہ لکھنے پڑھنے کا شوق بچپن ہی سے تھا ،یہی وجہ ادب کی جانب سفرکے لیے بنی ۔ ہر چیز کے لیے ذوق شوق ضروری ہے ،نئی نسل کو کتاب کی طرف لانا ہوگا اور ان میں کتب بینی کے رجحان کو پروان چڑھانا ہوگا ۔انہوں نے کہا رنگ نو کی کاوشیں قابل قدر ہیں ۔
ننھی کلیو
ں سے باتیں کی مصنفہ عائشہ بی نے کہا کہ کتاب "ننھی کلیو سے باتیں " ان کی پہلی کاوش ہے ، اس میں بچوں کی سبق آموز اوردلچسپپ کہانیاں ہیں اور یہ کتاب "دادی اماں کی کہانی ،ان ہی کی زبانی " کے پرانے دور کی یاد تازہ کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کہانیاں بچوں کی تربیت بھی کرتی ہیں انہیں باکردار بنانے میں بھی معاونت کرتی ہیں ۔
پروفیسر سعید حسن قادری نے کہا کہ معاشی بدحالی کی سب بات کرتے ہیں ،ادبی بدحالی کا کوئی تذکرہ نہیں کیا جاتا ہمیں اچھا ادب تخلق کرنا ہوگا ،اصلاحی ادب نئی نسل کے لیے کار گرثابت ہو سکتا ہے ۔
ڈاکٹر رانا خالد محمو د قیصر نے کہا کہ نئی نسل کو کتب بینی کی طرف لانا ہوگا ،نئی نسل میں موبائل کا استعمال یا سوشل میڈیا کا استعمال فروغ پارہا ہے۔سوشل میڈیا یا موبائل کتاب کا نعم البدل نہیں ۔قلم کار اچھا ادب تخلق کریں اور اصلاح معاشرہ میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے تصانیف ننھی کلیوں سے باتیں ،جگ مگ تارے کو بچوں کے ادب میں بہترین اضافہ قرار دیا اورمصنفین و مرتبین کو مبارک باد دی ۔
ریاض احمد جوئیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ لکھنا پڑھنا ایک خوبصورت کام ہے ،تمام قلم کار اس کام کو احسن طریقہ سے انجام دے رہے ہیں ،اس سے جو اصلاح کا عمل ہو رہا ہے اس سے معاشرے میں خوش گوار تبدیلی آئے گی ۔
تقریب سے خطاب میں یاسمین صدیقی نے تمام قلم کاروں کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں مبارکباد ی ،انہوں نے کہا کہ تقریب میں شریک ادیبوں و ودانشوروں سے اپیل کی کہ وہ رنگ نو کی سرپرستی کریں ۔انہوں نے تما م معزز مہمانوں اور قلم کاروں کی آمد کا شکریہ ادا کیا ۔



































