
صباحت شمیم
گرمیوں کی تپتی دوپہرمیں بس اسٹاپ پرکھڑی کچھ لڑکیوں کےدرمیان "میں " بھی بس کےآنےکا انتظار کررہی تھی ۔ابھی انتظارکرتے کچھ ہی
وقت گزرا تھا کہ بس دور سے دندناتے ہوئےآتی نظرآئی ۔ بس اسٹاپ پر بیٹھی تمام لڑکیاں اپنی جگہ سے اُٹھ کھڑی ہوئیں تاکہ جلد ازجلد لوگوں سے بھری ہوئی بس میں بیٹھنے کے لیے کوئی مناسب جگہ ڈھونڈ سکیں تاکہ سفرمیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
میں بھی اپنا بستہ سنبھالے فٹ پاتھ کے کنارے آکھڑی ہوئی، بس عین ہمارے آگےآکرکی ،بس کا کنڈیکٹرمسلسل آوازیں لگارہا تھا،میں چونکہ فٹ پاتھ کے انتہائی نزدیک تھی تومجھے بس میں گھستےہی بیٹھنے کے لیے بہت آرام دہ نہیں مگر مناسب جگہ مل گئی تھی،ساتھ اوربھی لڑکیاں بس میں سوار ہوئیں ، کچھ نےاپنے بیٹھنے کا بندوبست کرلیا اور کچھ لڑکیوں کو جگہ تنگ ہونےکی وجہ سے کھڑے ہو کر ہی آگےکا سفر طے کرنا پڑا ۔
جب ساری لڑکیاں بس میں سوار ہوئیں تو کنڈیکٹر نے بس ڈرائیورکوبس چلانے کا اشارہ کیا ، کچھ ہی دیر گزری تھی کہ بس سلنگ روڈ پربھاگ رہی تھی، لڑکیاں اپنی اپنی منزل آنے پراترتی جارہی تھیں اورلوگوں سے بھری بس یونہی آہستہ آہستہ خالی ہورہی تھی ،حتیٰ کہ اب کوئی بھی مسافر کھڑا دکھائی نہیں دے رہا تھا ۔سب ہی کشادہ سی بس میں بیٹھے نظر آرہے تھے ،میرے ساتھ دو لڑکیاں اورتھیں ،جوبس میں بیٹھی اپنی منزل کے آنے کا انتظار کر رہی تھیں گویا اگلا اسٹاپ اُنہی کی منزل ہو ۔
اگلا بس اسٹاپ تھوڑے ہی فاصلے پرتھا ،وہ دونوں لڑکیاں بھلےگھر کی معلوم ہوتی تھیں ،کالج ڈریس میں ملبوس بستہ پکڑے، ہاتھ میں نفیس قسم کی گھڑی پہنے گاہے بگاہے بس کی کھڑکی سےباہر دیکھ رہی تھیں ،فاصلے کم ہونے کی وجہ سےاگلےبس اسٹاپ پربس کوپہنچنے میں زیادہ وقت نہیں لگا تھا اور وہ دونوں لڑکیاں خوش گَپی کرتے بس سے اُترنےکے لیے آگے بڑھی رہی تھیں۔ اُن میں سے ایک لڑکی نے بس کی سیٹ پراپنے جوتے کا ایک گہرا چھاپ چھوڑااورچلتی بنی۔ساتھ بیٹھی عورت جوکہ تقریباً آٹھ سالہ بچہ گود میں لیے ہوئے تھی، اُس نے پہلےسیٹ پر بنی جوتے کی گردآلود چھاپ کو دیکھا اور پھرایک انتہائی ناگوارسی نظر اُس لڑکی پر بھی ڈالی۔
میں چونکہ یہ سارا ماجرادیکھ رہی تھی تومجھےاحساس ہوا کے شاید وہ عورت اُن لڑکیوں کے بس سے اُترنے کا ہی انتظار کر رہی تھی تاکہ اپنے بچے کو گود سےاُتار کر بس کی سیٹ پربٹھا سکے،مگراُس صاف سیٹ پر بنا چوتے کی گہرا چھاپ اُسے بہت ناگوار گزرا تھا۔
انسان کا حقیقی تعارف اُس کاخوبصورت خدوخال نہیں بلکہ اُس کا وہ کردارہوتا ہےجو وہ لوگوں کی زندگی میں شامل ہوکر اپنے لیے بناتا ہے۔آپ کا وہ کردارآپ کے وجود کواس طرح عیاں کرتا ہےکے پھر کسی فریب اوردھوکے میں رہنا ممکن ہی نہیں ہوتا۔ تعلیم صرف بڑی بڑی ڈگری حاصل کرنے سے نہیں ملتی بلکہ آپکا کردار اس بات کوعیاں کرتا ہے کہ آپ کتنے تعلیم یافتہ ہیں اور پہچان صرف کسی کو پیسے دینے ،لوگوں سے باتیں کرنے اور دوسروں کی غیبت کرنے سے نہیں بنتی ہے، بلکہ آپ کسی کی زندگی میں آکر اُس کے لیے اپنے کیسے نقوش چھوڑرہے ہیں اس سے بنتی ہے۔
اب یہ آپ پرمنحصر ہے کہ آپ کسی کی زندگی میں ایک گردآلود جوتے کی چھاپ بننا پسند کرتے ہیں یا شفاف آئینہ ،


































