
اسماء معظم / حریم ادب
قرآن مجید میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے
الحج اشھر معلومات
حج کے مہینےمعلوم ہیں۔
جو شخص حج کا ارادہ رکھتا ہو وہ ان ہی مہینوں میں حج سفر کر سکتا ہے ۔اگر وہ ان مہینوں کے علاوہ حج کرے گا تو اس کا حج نہیں ہوگا۔ حج کے لئے مخصوص دنوں میں مخصوص اعمال کرنا ضروری ہوتے ہیں اور اس کے لئے اللہ تعالی نے ذوالحجہ کا مہینہ مقرر کیا ہے ذالحج کے معنی کیا ہیں ؟حج والا ۔۔۔۔یعنی وہ مہینہ جس میں حج ہوتا ہے اس میں مناسک حج ادا کیے جاتے ہیں ۔
جس طرح رمضان المبارک میں اللہ تعالی نے نیک اعمال کی جزا عام دنوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ رکھی ہے، اسی طرح ذلحج کے پہلے عشرے میں نیک اعمال کی جزااور بدلہ عام دنوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ رکھا ہے۔
قرآن کریم کی سورہ فجر میں اللہ تعالی فرماتا ہے کہ والفجر ولیال عشر ۔اس سے مراد یہاں ذوالحجہ کے ابتدائی دس دن ہیں۔
حدیث میں ہے کہ،رسول اللہ نے فرمایا:
"ذولحجہ کے ان دس دنوں سے بڑھ کر کوئی بھی دن ایسا نہیں کہ جس میں نیک عمل کرنا،اللہ تعالی کے نزدیک ان دنوں کے نیک عمل سے زیادہ پسندیدہ ہو."لوگوں نے پوچھا اللہ کے راستے میں جہاد کرنا بھی نہیں،آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا! اللہ کے راستے میں جہاد کرنا بھی اتنا پسند نہیں،سوائے اس شخص کے جو اپنی جان اور مال لے کر نکلے اور پھر لوٹ کر نہ آئے. (سنن ابن ماجہ1727)
اس حدیث کو سننے کے بعد ہمیں نیک اعمال کو کرنے کے لیے کمر کس لینی چاہیے ۔ ان دس دنوں میں روزے رکھیں۔ یہ روزے نفلی روزوں میں شمار ہونگے، صدقہ کریں، اللہ کا ذکر کریں ۔دعاؤں اور نوافل کا اہتمام کریں۔ قرآن کی تلاوت کریں ،اللہ کی مخلوق پر احسان کریں، بھلائی کے کاموں میں تعاون کریں، برائی کو پھیلنے سے روکنے میں اپنا حصہ ڈالیں اور ہر وہ عمل کریں جو ہمیں اللہ سے قریب تر کردے۔ان دس دنوں میں ہمیں چند اعمال کا اہتمام کرنا چاہئے جو درج ذیل ہیں!
نمبر1 تکبیرات :انمیں سب سےپہلا اورنیک عمل اللہ تعالیٰ کا ذکر ہے۔اس میں تکبیر ات کا پڑھنا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی ترغیب دی ۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا !ذوالحجہ کے ان دس دنوں میں بہت زیادہ تحلیل، تکبیر اور تحمید بیان کرو۔ (مسند احمد 2882)
اللہ اکبراللہ اکبر لا الہ الا اللہ اللہ اکبرو اللہ اکبر وللہ الحمد
اللہ سب سے بڑا ہے اللہ سب سے بڑا ہے، نہیں کوئی معبود سوائے اللہ کے ، اللہ سب سے بڑا ہے اور اللہ سب سے بڑا ہے۔ تمام تعریفیں اسی رب العالمین کے لیے ہیں ۔
اللہ اکبر کبیرا والحمد للّٰہ کثیرا وسبحان اللہ بکرتہ واصیلہ
اللہ بہت بڑا ہے اور سب تعریف اللہ کے لئے اور بہت کثرت کے ساتھ تعریف اور اللہ کی پاکی بیان کرتا ہوں صبح بھی شام بھی یعنی دن اور رات اپنے رب کو یاد کرتا ہوں ۔
یہ تکبیریں ان دنوں کا افضل عمل ہے ۔
نمبر 2دوسرا عمل یوم عرفہ کا روزہ ہے۔ر سول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
یوم عرفات کا روزہ گزشتہ اور آئندہ سال کے گناہوں کا کفارہ بن جاتا ہے. (مسلم 2747)
نمبر 3تیسرا عمل قربانی ہے۔ یہ سنت ابراہیمی ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نےاس کی تاکید بھی فرمائی ۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا! "جس شخص کو قربانی کی وسعت ہو اور وہ قربانی نہ کرے تو وہ ہماری عیدگاہ کے قریب نہ پھٹکے ".(ابن ماجہ 3123)
جب کہ ان ایام میں جن حرام کاموں سے رکنا ہے، ان میں حرام کاموں کے علاوہ ناخن اور بالوں کو کاٹنا بھی ہے ۔
قربانی کرنے والوں کو اس بات پر بھی غور کرنا چاہیے قربانی کے ان دنوں میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے قربانی کرنے تک ناخن اور بال نہ ترشوانا قربانی کرنے والے کے لئے پسندیدہ قرار دیا ہے اور یہ اس لیے تھا کہ کہ حج نہ کرنے والوں کو یا صرف قربانی کرنے والوں کی حاجیوں سے ایک ظاہر ی مما ثلت قائم ہو جائے۔
تو پھر وہ اعمال جن سے حاجیوں کو روکا گیا مثلا جھگڑا کرنا ،قطع رحمی کرنا ،منہ سے بری بات نکالنا اور اسی طرح کی دوسری حرکات تو قربانی والوں کو ان سےبھی تو بچنا چاہیے۔
ان تمام نیک اعمال کے ذریعے ہم اپنے آپ کو اللہ سے قریب تر کر سکتے ہیں اور ان تمام دنوں میں سب سے بہتر اور نیک عمل حج ہے ۔جب حاجی مناسک حج ادا کرتے ہیں۔ اور یہ حقیقت ہے کہ چاہنے کے باوجود، خواہش کے باوجود ،سب لوگوں کے لیے حج ممکن نہیں ہوتا کہ وہ سفر کر سکیں، حج پر جا سکیں ، اس لیے کہ سب میں وہ استطاعت نہیں ہوتی اور حج صاحب استطاعت پر فرض ہے تو ایسی حالت میں اللہ نے پیچھے رہنے والوں کو بھی نیکی سے محروم نہیں کیا لہذا ہم سب ان اعمال کے بارے میں اچھی طرح جان لیں جو خاص طور پر ان دنوں میں کرنے چاہئیں۔
یہ ہم نے اچھی طرح جان لیا کہ یہ دس دن بہت اہمیت کے دن ہیں اور ان دس دنوں میں نیک ا عمال کی طرف توجہ کرنا بے حد ضروری ہے ۔آئیے ہم سب خود بھی ان بابرکت دنوں میں نیک اعمال کے ذریعے بے شمار اجر کمالیں۔
اللہ ہمیں اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے . آمین ثم آمین یا رب العالمین





































