
عائشہ بی
پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔یہ وطن کلمہ طیبہ لا الہ الااللہ کے نام پربے شمار قربانیوں اورطویل جدوجہد سے حاصل ہونے والی پاک سرزمین ہے،جس
کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا اورقوم کو سمجھایا ۔ اقبال کے اس خواب کی تکمیل اللہ ربّ العزّت نےقائداعظم،ان کےرفقا اورمسلمانوں کے ذریعےکردکھائی۔ قائد اعظم بانی پاکستان ہیں، وہ ایک پرعزم، مخلص اور مثالی رہنما تھے۔ ہمارے بچےبچپن میں گنگناتےتھےریڈیو اور ٹی وی پر سنتے تھے، اے قائد اعظم تیرا احسان ہے احسان، ملت کا پاسباں ہے محمد علی جناح ، اور ہمارے قائد اعظم پیارےقائد اعظم
بھول سکیں ہم ان کی باتیں یہ کیسے ممکن ہے ، ایمان،اتحاد، تنظیم۔"
قائداعظم کی انتھک محنت،کام کام اور صرف کام کے قول نےقوم کوایک پلیٹ فارم پرجمع کیا اور جدوجہد کرتے رہے۔
قائد کا بچپن : ہمارے عظیم رہنما قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے ۔ اپ کے والد جناح پونجا ایک بہت بڑا تاجر تھے۔ آپ نے ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام سے پھرمشن ہائی سکول کراچی سے حاصل کی۔ آپ بچپن سے ہی محنتی تھے اور حصول علم کا شوق رکھتے تھے۔ کہتے تھے پڑھوں گا نہیں تو بڑا آدمی کیسے بنوں گا؟
اعلیٰ تعلیم کا حصول
قائد اعظم محمد علی جناح اعلی تعلیم کے حصول کے لیے برطانیہ چلے گئے ۔ 20 سال کی عمر میں قانون کی اعلیٰ ڈگری حاصل کی اور وکیل بن کروطن واپس لوٹے۔وطن آتے ہی خبر سننے کو ملی کہ ان کی والدہ محترمہ وفات پا گئی ہیں ۔ دوسری بری خبر یہ تھی کہ آپ کے والد کا کاروبار تباہ ہورہا تھا اور انگریز سرکار نے والد پر کئی مقدمات بھی کر رکھے تھے ۔ آپ کے والد نے یہ خبر ان سے اس لیے پوشیدہ رکھی کہ بیٹے کی پڑھائی پر کوئی برا اثر نہ پڑے ۔
وکالت کا آغاز
قائد اعظم نےاتناسب ہونے کے بعد بھی ہمت نہ ہاری اور اپنےوالد کے مقدمات خود لڑے اور کامیابی حاصل کی اوروالد کو سرخرو کیا۔ آپ کو بہت سی اچھی ملازمتوں کی پیشکش کی گئی لیکن وہ انکار کر کے بمبئی چلے گئے۔ انہیں اصل کامیابی و شہرت تو ان کے پیشے وکالت سے ملی۔ آپ انتہائی سوجھ بوجھ اور دانائی سے سوچ سمجھ کر کیس لڑتے اور کامیاب ہوتے تھے۔
قائد اعظم کا سیاسی کردار:
قائد اعظم کے دل میں وطن کی انگریزوں سے آزادی کے لیے ایک تڑپ موجود تھی اوران کی خواہش یہ تھی کہ ملک آزاد ہو تاکہ سب ہم وطن کی آزادی کے فضا میں سانس لے سکیں۔اس مقصد کے لیےدن رات ہندو اور مسلم اتحاد کے لیے کوشاں رہے لیکن جلدی ہی ہندوؤں کی اصل حقیقت سامنے آگئی۔ انہوں نے کانگریس سے علیحدگی اختیار کر لی اور آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہو گئے ۔
پاکستان کے لیے جدوجہد:
23 مارچ 1940 کو لاہور میں ایک عظیم الشان جلسہ ہواجس کی صدارت قائد اعظم محمد علی جناح نے کی۔اس جلسے میں ایک آزاد اور خودمختار مملکت کے لیے باقاعدہ قرارداد منظور کر لی گئی ۔ نظریہ اور دینی بنیاد پربقائم ہونے والی جداگانہ مملکت کی تعمیر ایک انقلاب انگیز چیز تھی۔ مگر مسلمانوں کے لیے تجربہ نیا نہیں تھا ۔ مدینے کی اولین اسلامی ریاست ان کے لیے مشعل راہ تھی۔ چنانچہ مثال قربانیوں اور طویل جدوجہد کے بعدمسلم قومیت اور تشخص کے نظریہ کو فتح حاصل ہوئی۔
پاکستان کا حصول
اور یوں 14 اگست 1947 کو مملکت پاکستان وجود میں آئی اورمسلمانوں کو ایسی آزادی نصیب ہوئی کہ وہ اس مملکت میں اسلامی احکام پر مبنی نظام حیات کی تشکیل کر کے عالمی سطح پر عمل و کردار کے ذریعے دین سے اپنی وابستگی کو نمایا ں کر سکے اور سرزمین پاکستان نظام عدل و حق کا مرکز بن کر اہل عالم کی نگاہوں میں اپنی طرف ملتفت کر سکے اور شناخت کے دعوے کا عالمی ثبوت دیکھ سکیں ۔
پاکستان اسلامی نظریے کے تحت قائم ہوا ہے ۔ آج ہم اپنی قومی زندگی کے جس موڑپرکھڑے ہیں وہاں اس مملکت کے افق پرتاریکی کے مہیب سائے منڈلاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ لسانی قومیت کے جن بتوں کو ہم نے پاش پاش کر کے اپنے اسلامی تشخص کو برقرار رکھنے کے لیے بے شمار انسانوں کے جسم و مال اور آبرو کی قربانی کے بعد آزادی حاصل کی تھی ۔ نظریہ کی یہ فتح ہماری سب سے بڑی فتح تھی مگر آج ہم شکست خوردہ قوم کی طرح پشیماں نظر آتے ہیں ۔ ہمیں یہ آزادی جتنی عزیز ہونا چاہیے تھی اور اس کی قدر و قیمت ہمارے دلوں میں ہونی چاہیے تھی وہ نہیں رہی۔
قائد کے یوم ولادت پر ہمیں اپنے آپ سے اورقائد کی روح سے یہ وعدہ کرنا ہے ،اس پاک سر زمین کے لیے ہمیں اسلام سے لگاؤ اوراسلامی نظام ہی سے محبت کرنا ہوگی ۔ پاکستان سے ہماری محبت کا صحیح تعمیر رخ کر سکتی ہے اور اس کی آزادی کی حفاظت کر سکتی ہے ۔ قائد نے یہ وطن علاقائیت کی بنیاد پر نہیں حاصل کیا تھا بلکہ اسلام کی بنیاد پر حاصل کیا تھا ۔ اب ہمیں اپنا اسلامی تشخص قائم رکھنے کے لیے اسلامی نظام حکومت کے مکمل نفاذ کی جدوجہد میں حصہ لینا ہوگا۔ تاکہ ہم سب مل کر بحیثیت قوم ہر طرح کی ، نا انصافیوں ، کرپشن، لوٹ مارو ڈکیتیوں، اور اقربا پروری،رشوت و سفارش کے کلچرکی برائی کو ختم کرسکیں۔ ہرجانب بس ایک ہی نعرہ کی گونج ہو " پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ".


































